حج وعمرہ کی اہمیت وافادیت کے بارے میں قرآ ن وحدیث کا ایک بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے جس میں یہ باور کیا گیا ہے مسلم اُمت کیلئے حج وعمرہ ایک بہت بڑا عمل ہے ۔ہر سال دنیا بھر کے لاکھوں مسلمان یہ سوچ کر حج وعمرہ کی غرض سے مدینہ اور مکہ جایا کرتے تھے کہ اُن کے تمام گناہ معا ف ہو جائیں گے ۔اللہ تعالیٰ نے ایک ایسا قہر کورونا وباءکی شکل میں نازل کر دیا کہ گذشتہ 2برسوں سے نہ ہی حج وعمرہ کیلئے مسلمان جاتے ہیں اور نہ ہی مساجدمیں بڑے بڑے اجتماعات ہو رہے ہیں ۔یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ کسی بھی وبائی صورتحال کے دوران ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرنا منع فرمایا گیا ہے ۔وباءوالے علاقے میں جانا اور وہاں سے باہر آنے سے پرہیز کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔موجودہ سائنسی دور میں بھی ماہرین ِصحت نے اسی طرح کا مشورہ دیکر لوگوں کو گھروں میں ہی عبادت کرنے اور کام کرنے کا سرکاری حکم جاری کیا گیا ہے کہ وہ کورونا گائیڈ لائنز اور ضوابط کا خاص خیال رکھیں ۔زیادہ بھیڑ بھاڑ کسی جگہ جمع نہ کریں اور نہ ہی بنا ماسک کے باہر نکلیں ۔اس تمام صورتحال میں دنیا کا نظام زندگی ہی تبدیل ہو گیا اور اسی تناظر میں حج وعمرہ پر بھی فی الحال پابندی لگائی گئی ۔سعودی حکومت کا جہاں تک تعلق ہے ،وہ ہر حال میں کمزور اور لاغر ہے، وہاں کے شاہی حکمران ہمیشہ دوسروں پر انحصار کرنے میں ہی اپنی خیر وعافیت سمجھتے ہیں ۔اُس ملک میں نہ ہی اپنی فوج ہے نہ ہی پولیس نہ ہی مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ملازم جن میں ڈاکٹر ،انجینئر اور دیگر کاریگر شامل ہیں۔انہوں نے ہمیشہ سے ہی عیش پرستی کی زندگی گزارنے میں خیر وعافیت سمجھی ،یہی وجہ ہے کہ وہ کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے میں اپنی کوئی ایجاد سامنے نہ لاسکے۔ہاں وہ عیش وعشرت کی محفلیں سجانے میں ماہرہیں ان پر وہ لاکھوں کروڑوں روپے صرف کر سکتے ہیں اور نا چ ،گانے کی مجالس میں ہزاروں لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت دیتے ہیں لیکن حج وعمرہ پر کورونا کا بہانہ بنا کرپابندی مسلسل لگاتے رہتے ہیں کیونکہ اُن کے پاس نہ اپنا دماغ ہے اور نہ ہی اپنی سوچ۔۔۔ یہ اُن لوگوں کیلئے سبق آموز نصیحت ہے جو آج تک ان ہی عیاش پرست حکمرانوں اور اُن کے نظام حکومت پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو گمراہ کرتے رہے ، جو کہ ایک بہت بڑا المیہ ہے ۔اگر واقعی سعودی عرب میں اسلامی حکومت اور خوف ِخدا کا ذرا بھر احساس ہوتا تو وہ لاکھوں کی تعداد میں نہ سہی لیکن ہزارو ں کی تعداد میں دنیا کے مسلمانوں کوحج وعمرہ کرنے کی باضابطہ کورونا گائیڈ لائنز کے تحت اجازت دیتے جس کی اُمید دور دور تک نظر نہیں آتی ہے ۔





