دہشت گردی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

دہشت گردی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

سری نگر، 22 اکتوبر :جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعے کو یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس میں 22 اکتوبر 1947 کی یادوں کو دہرانے کے لئے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
منوج سنہا نے کہا: ‘دہشت گردی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے۔ آپ بخوبی جانتے ہیں کہ اس کو پچھلے 70 سالوں سے چلانے اور پالنے والا کون ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘جو لوگ جان کر بھی انجان بنے رہنا چاہتے ہیں انہیں میں کہنا چاہتا ہوں کہ دنیا کی کسی بھی میگزین یا اخبار کو پڑھیے آپ کو جواب مل جائے گا’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ ایک جٹ رہیں گے تو ترقی کے سفر میں کامیابی ملنا آسان ہوگا۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں ایک نئی صبح کی شروعات ہو اور ہم ترقی کے سفر پر آگے بڑھیں۔ اس میں چیلنجز آئیں گے لیکن میں یقین کے ساتھ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ہم ایک جٹ رہیں گے تو کامیابی ہماری ہو گی’۔
منوج سنہا نے 22 اکتوبر 1947 کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ‘سنہ 1947 کے حملے میں شہید ہوئے سبھی بہادر جوانوں اور شہریوں کو میں آج آپ کے اس پروگرام میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں’۔
انہوں نے مزید کہا: ‘آپ سبھی کو بھروسہ دیتا ہوں کہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم جموں و کشمیر کی خوشحالی کے لئے پرعزم ہیں’۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.