بی جے پی کا سری نگر میں احتجاج، سیول سکریٹریٹ کی طرف مارچ

بی جے پی کا سری نگر میں احتجاج، سیول سکریٹریٹ کی طرف مارچ

سری نگر/ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پنچوں، سرپنچوں اور میونسپل کارپوریٹروں نے پارٹی لیڈروں کے ہمراہ منگل کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو گئے اور اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا۔

احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جاری نامساعد حالات کے بیچ انہیں محفوظ قیام گاہوں سے محروم کر دیا گیا ہے۔
احتجاجیوں نے بعد میں سیول سکریٹریٹ کی طرف مارچ کیا اور وہ یونین ٹریٹری انتظامیہ اور بیوروکریسی کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔

اس موقع پر بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھا کر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے ہمارے منتخب نمائندوں کو قیام گاہوں سے محروم کرکے سر راہ مرنے کے لئے چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سری نگر میں 14 ہوٹلوں میں قیام پذیر تھے لیکن انہیں اپنے اپنے اضلاع میں جانے کو کہا گیا ہے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ جب ہم متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں سے بات کرتے ہیں تو وہاں ان کے قیام کے لئے کوئی انتظام ہی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ وہ یا تو انہیں واپس ان ہوٹلوں میں رہنے دے یا ان کے لئے محفوظ قیام گاہوں کا بندوبست کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر ضلع میں احتجاج درج کریں گے اور تب تک بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے جب تک ہمارے مطالبے کو پورا نہیں کیا جائے گا۔

ایک اور احتجاجی نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے منتخب نمائندوں کو اس وقت قیام گاہوں سے نکالا جا رہا ہے جب وادی میں حالات بہت خراب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو سر عام مرنے کے لئے چھوڑا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں لیفٹیننٹ گورنر کی حکومت ہے اگر بی جے پی کی سرکار ہوتی تو ان لوگوں کو اس دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.