شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں در اندازی کوشش ناکام، ایک جنگجو ہلاک ایک گرفتار

شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں در اندازی کوشش ناکام، ایک جنگجو ہلاک ایک گرفتار

سری نگر/ فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر در اندازی کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک جنگجو کو ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج نے اوڑی سیکٹر میں ایل او سی پر جنگجوؤں کے ایک گروپ کو در اندازی کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔

انہوں نے بتایا کہ فوج کی طرف سے چلینج کئے جانے پر جنگجوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کرنا شروع کر دی جس کی فوج نے جوابی کارروائی اور نتیجتاً طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔

مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران چار فوجی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔

قابل ذکر ہے کہ گذشتہ دس دنوں کے دوران یہ جنگجوؤں کی طرف سے در اندازی کرنے کی تیسری کوشش ہے۔قبل ازیں 18 اور19 ستمبر کی درمیانی شب جنگجوؤں کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا گیا تھا اس دوران دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے تھے جبکہ جنگجو واپس بھاگنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

اس کے بعد اوڑی سیکٹر میں چند روز قبل ہی سیکورٹی فورسز نے تین در اندازوں کو ہلاک کر دیا تھا۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.