پنڈت برادری کا وفد صدرِ نیشنل کانفرنس سے ملاقی

پنڈت برادری کا وفد صدرِ نیشنل کانفرنس سے ملاقی

پنڈتوں کی ہجرت کے پیچھے کی سازش کی سچائی منظر عام پر کیوں نہیں لائی جاتی: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سرینگر//پنڈت برادری ایک اعلیٰ سطحی وفد جس کی قیادت نیشنل کانفرنس اقلیتی سیل کے صدر پنڈت ایم کے یوگی کررہے تھے، آج صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے اُن کی رہائش گاہ واقع گپکار روڑ پر ملاقی ہوا۔ اس موقعے پر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی بھی موجود تھے۔ وفد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو اُن مصائب اور مشکلات سے آگاہ کیا جو مہاجر پنڈتوں کو باہری ریاستوں سے درپیش ہیں۔

وفد نے کہا کہ جموں میں مقیم مہاجر پنڈتوںکو معقول رہائشی سہولیات میسر نہیں جس سے انہیں زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو رات کے اندھیرے میں جس سازش کے تحت ہجرت کرنے کیلئے مجبور کیا گیا اُس کی سچائی ابھی تک سامنے کیوں نہیں لائی جارہی ہے؟ جن لوگوں نے پنڈتوں کو ہجرت کرنے کیلئے مجبور کیا

انہوں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ آپ کو اڑھائی ماہ کے اندر اندر واپس اپنے گھروں کو واپس لایا جائیگا لیکن 31سال گزر جانے کے باوجود بھی ایسا نہیں ہوا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پنڈتوں کو ہجرت کیلئے مجبور کرنے کے پیچھے کشمیریوں کو بدنام کرنے بھی ایک مقصد تھا۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ موقعہ پرست اور مفاد پرست عناصر اپنے حقیر مفادات کیلئے کشمیری پنڈتوں کا استحصال کررہے ہیں اور ہماری پنڈت برادری آسانی سے ان عناصر کے بہکاﺅے میں آجاتے ہیں۔ انہوں نے پنڈتوں پر زور دیا کہ وہ آپسی صفوں میں اتحاد قائم کریں کیونکہ آپ لوگ ٹولیوں میں بٹ کر رہ گئے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر پنڈتوں کے بغیر ادھورا ہے ، یہی نیشنل کانفرنس کا موقف رہا ہے اور آج بھی ہے ،ہماری جماعت اپنے پنڈت بھائیوں کی باعزت واپسی کے متمنی ہیں۔ اس موقعے پر گذشتہ روز نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے والے شوپیان میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین، کارپورٹرس، پنچ اور سرپنچ بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.