راجوری میں فوج کے سگنل رجمنٹ کی دیوار گرنے سے میونسپل کونسل ملازم فوت

راجوری میں فوج کے سگنل رجمنٹ کی دیوار گرنے سے میونسپل کونسل ملازم فوت

جموں،20 جولائی (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے پرانے بس اڈے میں فوج کے سگنل رجمنٹ کے صحن کی دیوار گرنے سے میونسپل کونسل کے ایک ملازم کی موت واقع ہوئی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے پرانے بس اڈے میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے فوج کے سگنل رجمنٹ کے صحن کی دیوار گر آنے سے میونسپل کونسل کے ایک ملازم جو اس وقت دیوار کے باہر کام کر رہا تھا، کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔

متوفی ملازم کی شناخت دھنی رام ولد لچھو رام ساکن پیر کانجو کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ متوفی کی لاش کو دیوار کے ملبے سے نکال کر طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لواحقین کے حوالے کیا گیا ہے۔

دریں اثنا ایک پولیس افسر نے دیوار کے نیچے آ کر میونسپل کونسل ملازم کے فوت ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔بتا دیں کہ گزشتہ روز سے جاری موسلا دھار بارشوں سے جموں کے بعض علاقوں میں کئی مکانوں کی دیواریں زمین بوس ہوئی ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.