جموں/جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ میں گذشتہ پندرہ برسوں سے مفرور ایک سابق جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشتواڑ پولیس نے گذشتہ پندرہ برسوں سے مفرور ایک اور سابق جنگجو کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار شدہ کی شناخت غلام حسن چوپان ولد لسہ چوپان ساکن پہلگام سدگی تحصیل کشتواڑ کے بطور ہوئی ہے جس کے خلاف پولیس اسٹیشن چھترو میں ایک کیس درج تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ سابق جنگجو کے بارے میں مصدقہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوتے ہی انسپکٹر سندیپ سنگھ کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے فوری کارروائیاں عمل میں لا کر کئی مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے اور مفرور سابق جنگجو کو پکڑ لیا۔
قبل ازیں 6 جولائی کو کشتواڑ پولیس نے گذشتہ 13 برسوں سے مفرور ایک سابق جنگجو کو شالیمار کشتواڑ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
یو این آئی