حد بندی کمیشن سرینگر وارد،پی ڈی پی نے کیا بائیکارٹ

حد بندی کمیشن سرینگر وارد،پی ڈی پی نے کیا بائیکارٹ

سرینگر//حد بندی کمیشن منگل کوجموں وکشمیر کے چار روزہ دورے کے اپنے پہلے پڑاﺅ کے سلسلے میں سرینگر پہنچ گیا۔کمیشن میں چیئرپرسن کے علاوہ چیف الیکشن کمیشن ششیل چندر اور جموں وکشمیر کے اسٹیٹ الیکٹورل آفیسر کے کے شرما شامل ہیں۔

کمیشن کا وفد آج دوپہر کو جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں بشمول نیشنل کانفرنس، پیپلز کانفرنس، کانگریس، جموں وکشمیر اپنی پارٹی، نیشنل پینتھرس پارٹی اور دیگر چھوٹی سیاسی جماعتوں کے وفود سے سرینگر میں ملاقات کر رہا ہے۔
حد بندی کمیشن 7 جولائی کو جنوبی کشمیر کے ڈاک بنگلو، پہلگام میں پلوامہ، شوپیان، اننت ناگ اور کولگام کے ضلع کمشنرز، جو متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن افسر بھی ہیں، کے ساتھ میٹنگ کرے گا۔
جموں صوبے کے کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن کے افسران سے 8 جولائی کو جب کہ جموں، سانبہ، کٹھوعہ، ریاسی، راجوری اور پونچھ کے ساتھ جموں میں ایک نجی ہوٹل میں ملاقات کریں گے۔
متعلقہ ضلع ڈسٹرکٹ الیکشن افسران کو کہا گیا ہے کہ وہ حد بندی کے لئے ضروری مواد اور دستاویزات اس میٹنگ میں دستیاب رکھیں۔
  حد بندی کمیشن کے نام پی ڈی پی کا مکتوب، بائیکاٹ کا فیصلہ
پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی )نے حد بندی کمیشن کے نام ایک خط لکھ کر کمیشن سے نہ ملنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حد بندی کمیشن کا بائیکاٹ کرتی ہے ۔
پارٹی نے اپنے خط میں لکھا ”یہ کمیشن دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد قائم کیا گیا ہے لہٰذا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔“پی ڈی پی جنرل سیکریٹری غلام نبی ہانجورہ کی جانب سے کمیشن کو لکھے گئے مکتوب کو منگل کے روز جاری کیا گیا۔
 مکتوب میں لکھا ہے کہ کمیشن کے متعلق جموں و کشمیر کے عوام میں تحفظات ہیں اور اس پر کئی سوال کھڑے کئے گئے ہیں۔ خط میں درج ہے کہ پی ڈی پی نے کمیشن کے ساتھ ملاقات کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ جموں و کشمیر میں اس کمیشن کے متعلق یہ رائے پائی جا رہی ہے کہ ”کمیشن کی طرف سے کی جانے والے حدبندی پہلے سے ہی طے ہے اور یہ مفاد عامہ کو زک پہنچائے گی۔“
مکتوب حدبندی کمیشن کے چیئرپرسن جسٹس(ر) رنجنا پرکاش دیسائی کے نام لکھا گیا ہے۔یاد رہے کہ کمیشن آج سے جموں وکشمیر کے چار روزہ دورے پر آرہا ہے اور چیئرپرسن کے علاوہ اس میں چیف الیکشن کمیشن ششیل چندر اور جموں وکشمیر کے اسٹیٹ الیکٹورل آفیسر کے کے شرما شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.