جموں کے فوجی علاقوں میں بدھ کو ڈرونز گردش کرتے ہوئے دیکھے گئے

جموں کے فوجی علاقوں میں بدھ کو ڈرونز گردش کرتے ہوئے دیکھے گئے

جموں،30 جون (یو این آئی) جموں شہر کے فوجی علاقوں میں ڈرونز کی گردش کرنے کا سلسلہ گذشتہ چار روز سے مسلسل جاری ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق فوجی جوانوں نے شہر کے میرن صاحب اور کنجونی علاقوں میں قائم فوجی تنصیبات کے نزدیک بدھ کی علی الصبح دو ڈرونز کو گردش کرتے دیکھا۔

انہوں نے بتایا کہ چاک و چوبند فوجی جوانوں نے پہلے میرن صاحب میں صبح کے پونے پانچ بجے ایک ڈرون کو گردش کرتے ہوئے دیکھا جبکہ اس کے ایک گھنٹے بعد کنجونی علاقے میں ایک اور ڈرون کو آٹھ سو سے ایک ہزار میٹر کی اونچائی پر گردش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں علاقوں کو محاصرے میں لیا گیا ہے اور ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔بتادیں کہ جموں کے رتنوچک اور کالوچک علاقوں میں فوجی اسٹیشنوں کے نزدیک پیر اور منگل کی درمیانی شب دو ڈرونز کو گردش کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا جنہیں وہاں تعینات فوجی جوانوں نے واپس بھگایا تھا۔

قبل ازیں جموں ائیر فورس اسٹیشن پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایک مشتبہ ڈرون کے ذریعے دو بم گرائے گئے تھے جس کے نتیجے میں دو آئی اے ایف اہلکار زخمی اور ایک عمارت کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔

مرکزی وزارت داخلہ نے اس حملے کی تحقیقات کی ذمہ داری قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو سونپی ہے اور این ایس جی کی ایک ٹیم دہلی سپیشل سیل کے افسروں کے ہمراہ منگل کے روز جموں ائیر فورس اسٹیشن پہنچ گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.