جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

کشمیر: پولیس اہلکار سے بندوق چھیننے والا شخص ہلاک

سری نگر/ جنوبی کشمیر کے ترال میں جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کے ایک کیمپ میں مبینہ طور پر پولیس اہلکار سے بندوق چھین کر فائرنگ کرنے والے ایک شخص کو ‘خود سپردگی کی پیشکشیں’ مسترد کرنے کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ناگہ بل ترال کے رہنے والے محمد امین ملک نامی سابق جنگجو کو کچھ روز گرفتار کر کے ایس او جی کیمپ میں بند کیا گیا تھا جہاں اس سے کسی معاملے پر پوچھ گچھ جاری تھی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق محمد امین نے بدھ کے روز امجد احمد نامی ایک ایس او جی اہلکار سے اس کی بندوق چھینی اور فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایس او جی اہلکار کو زخمی کرنے کے بعد محمد امین نے کیمپ میں واقع جنریٹر روم میں پناہ لی۔ایک رپورٹ میں کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جنریٹر روم میں پناہ لینے والے شخص کو خود سپردگی پر آمادہ کرنے کے لئے اس کے خاندان کے اراکین بشمول والدہ کو جائے موقع پر لایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا ہے: ‘خود سپردگی اختیار کرنے کے بجائے مذکورہ شخص نے فائرنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ آج صبح جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا۔ ہم نے اسے خود سپردگی اختیار کرنے کی بار بار پیشکش کی اور اسے بہت وقت بھی دیا’۔

مقامی میڈیا کے مطابق محمد امین کا بھائی شبیر ملک بھی ایک جنگجو تھا جو 2019 میں مارا گیا۔ وہ ذاکر موسیٰ کی قیادت والے انصار غزوۃ الہند نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ تھا۔


یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img