سری نگر، 31 مئی ; وادی کشمیر میں موسم ابھی سنبھل ہی رہا تھا کہ پیر کو بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہوا۔
وادی کے بیشتر علاقوں میں پیر کو سہ پہر ساڑھے تین بجے کے بعد بارشیں شروع ہوئیں اور مجموعی طور پر موسم دن بھر ابر آلود رہا جس کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وادی میں 6 جون تک موسمی صورتحال ناساز رہنے کی امید ہے جس دوران کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ادھر وادی میں پیر کی صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا اور دو پہر کے بعد کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چلنے لگیں۔ تاہم سہ پہر ساڑھے تین بجے بارشیں شروع ہوئیں جن کا سلسلہ وقفے وقفے سے قریب ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 15.4 اور 24.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 10.5 اور 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 7.9 اور 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.4 ملی لیٹر بارش بھی ریکارڈ ہوئی ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 13.2 اور 27.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 11.6 اور 25.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جنوبی کشمیر کے ککرناگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 13.5 اور 23.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔





