بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
9.6 C
Srinagar

جموں و کشمیر کے سبھی اضلاع میں کورونا لاک ڈاؤن، تمام ترمعمولات زندگی معطل

سری نگر/جموں و کشمیر کے سبھی اضلاع میں ہفتے کی شام سے مکمل کورونا لاک ڈاؤن نافذ رہنے سے تمام تر معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔
بتا دیں کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے کورونا لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جمعرات کی شام سے یونین ٹریٹری کے گیارہ اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس کو جمعے کی شام سے بڑھا کر سبھی بیس اضلاع میں نافذ کر دیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے جاری حکمنامے کے مطابق یہ لاک ڈاؤن پیر کی صبح تک جاری رہے گا۔قبل ازیں انتظامیہ نے یونین ٹریٹری میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس کے تحت بازاروں میں پچاس فیصد دکان ہی کھلے رہتے تھے اور گاڑیوں میں بھی پچاس فیصد سواریوں کو ہی سفر کرنے کی اجازت تھی۔ تاہم امکان ہے کہ پیر سے اس جزوی لاک ڈائون پر پھر سے عمل درآمد شروع ہوگا۔

لاک ڈاؤن کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے سری نگر اور جموں شہروں کے علاوہ قصبہ جات میں سڑکوں پر بریکیڈس کھڑا کئے گئے ہیں، گلی کوچوں میں خاردار تار بھی بچھادی گئی ہے اور سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔


تاہم سال گذشتہ کے برعکس جہاں امسال لوگ بھی کورونا گائیڈ لائنز اور لاک ڈاؤن کے قواعد پر خود بھی سختی سے عمل پیرا ہیں وہیں ان کے ساتھ بھی کسی قسم کی زیادتی نہیں کی جا رہی ہے۔

یو این آئی اردو کے ایک نمائندے نے ہفتے کی صبح سری نگر کے بعض علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ شہر میں ہر سو سناٹا چھایا ہوا ہے اور لوگ گھروں میں محدود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں لاک ڈاؤن کے نفاذ کو ممکن بنانے کے لئے سڑکوں پر پابندیوں کا سخت بندوبست کیا گیا ہے وہیں لوگ بھی گھروں سے باہر نکلنے میں حد درجہ احتیاط کر رہے ہیں۔
موصوف نامہ نگار نے بتایا کہ ضروری چیزیں فروخت کرنے والی دکانیں جیسے سبزی فروش وغیرہ اگرچہ کہیں کہیں کھلے تھے لیکن پولیس اہلکار ان کے پاس بھیڑ جمع نہیں ہونے دیتے تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img