سری نگر/ رواں ماہ لگ بھگ 30ہزارنئے مثبت معاملات درج ہونے اور200سے زیادہ مریضوں کی موت واقعہ ہونے کے بعدحکومت جموں وکشمیر نے ایک ہنگامی نوعیت کافیصلہ لیتے ہوئے بدھ کے روز سری نگراورجموں سمیت 11اضلاع میں 84گھنٹوں کیلئے ‘کورونا کرفیو‘ کااعلان کیا ۔جمعرات شام 7بجے سے سوموارکوصبح 7بجے تک جاری رہنے والے کورونا مخالف کرفیو کے نفاذکوسختی کیساتھ نافذالعمل بنانے کیلئے تمام متعلقہ ضلعی ترقیاتی کمشنروںکوہدایات دی گئیں ۔تمام ڈپٹی کمشنروں نے بدھ کی شام کو ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے تحت حاصل اختیارات کی روشنی میں کوروناکرفیو سے متعلق احکامات جاری کئے ۔
خبررساں ادارے جے کے این ایس کے مطابق حکومت نے کورونا وائرس کے مسلسل پھیلاﺅ اورمثبت معاملات میں متواتر اُچھال کے بعدمہلک وائرس کی منتقلی وپھیلاﺅ پرروک لگانے کیلئے ایک ہنگامی اقدام کے بطورسری نگراورجموں سمیت 11اضلاع میں 84گھنٹوں کیلئے ‘کورونا کرفیو‘ کااعلان کیا ہے ،جو29اپریل کوشام کے7بجے سے 3مئی کوصبح 7بجے تک نافذالعمل رہے گا۔اس سلسلے میں صوبائی اورضلع سطح پرحکام کی جانب سے الگ الگ احکامات جاری کئے گئے ۔
رواں ماہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعدجموں وکشمیرمیں 30ہزار سے زیادہ نئے مثبت معاملات سامنے آنے اور200سے زیادہ اموات واقعہ ہونے کے بعدجموں وکشمیرکی حکومت نے سری نگراورجموں سمیت مرکزی زیرانتظام علاقہ کے11اضلاع میں ساڑھے تین دنوں کیلئے کورونا کرفیو نافذ کرنے کافیصلہ لیا۔حکومتی ذرائع نے بتایاکہ کورونا کیسوں میں مسلسل اضافے کودیکھتے ہوئے یہ ہنگامی نوعیت کافیصلہ لیاگیا ،تاکہ مہلک وائرس کے پھیلاﺅ کوروکنے کیساتھ ساتھ پھیلاﺅ کی زنجیرکوتوڑا جاسکے ۔
ذرائع نے مزیدبتایاکہ گیارہ اضلاع میں 84گھنٹوں کیلئے کورونا کرفیو نافذکرنے کافیصلہ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاکی صدارت میں ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں لیاگیا ۔انہوں نے بتایاکہ جموں وکشمیرکے جن 11اضلاع میں 29اپریل بروزجمعرات کوشام کے7بجے سے 3مئی بروزسوموارتک صبح 7بجے تک نافذالعمل رہے گا،اُن میں سری نگر،اننت ناگ ،بارہمولہ ،بڈگام ،کولگام ،پلوامہ ،گاندربل ،جموں ،کٹھوعہ ،ریاسی اوراودھم پورشامل ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ اس ہنگامی نوعیت کے فیصلے کے سلسلے میں تمام متعلقہ ضلعی ترقیاتی کمشنروں کومتعلقہ صوبائی کمشنروںکے ذریعے مطلع کیاگیاہے اوراُن سے کہاگیاہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کی حدودمیں لاگو کئے جانے والے کورونا کرفیوکے سختی کیساتھ نفاذکویقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات روبہ عمل لائیں ۔
ادھرمعلوم ہواکہ حکومت کی جانب سے گیارہ اضلاع میں جمعرات کی شام سات بجے سے سوموارکوصبح سات بجے تک کورونامخالف کرفیو کے نفاذسے متعلق اطلاع ملتے ہی تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنروںکی جانب سے اس حوالے سے بدھ کی شام کو ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے تحت حاصل اختیارات کی روشنی میں ا لگ الگ احکامات جاری کئے گئے ۔اسی حوالے سے ڈپٹی کمشنر سری نگرڈاکٹراعجازاسدکی جانب سے بھی ایک آرڈر جاری کیاگیا ۔انہوںنے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ سری نگرضلع میں 29اپریل کوشام کے7بجے سے 3مئی کوصبح 7بجے تک نافذالعمل رہے گا۔ڈپٹی کمشنرموصوف نے مزیدکہاکہ لازمی اورہنگامی نوعیت کی خدمات کوکورونا کرفیو کے دوران کام کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔





