سری نگر/ سری نگر کے ہفت چنار علاقے میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں ماں بیٹے کی جھلس کر موت واقع ہوئی جبکہ چھ رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے ہفت چنار علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب غلام محمد شیخ ولد محمد رمضان شیخ کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے چشم زدن میں متصل مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں مذکورہ مالک مکان کی اہلیہ اور اس کا بیٹا جھلس کر بر سر موقع ہی از جان ہوگئے۔
متوفین کی شناخت 40 سالہ اجمیرہ اور 6 سالہ عباس شیخ کے بطور ہوئی ہے۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ دونوں کو شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
دریں اثنا آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
نو لاری پٹن میں مکان خاکستر
شمالی ضلع بارہمولہ قصبہ پٹن کے نو لاری گائوں میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے ۔اطلاعات کے مطابق علی محمد کمار ولد غلام احمد کمار ساکنہ نولاری پٹن نامی شہری کے مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی ،جس میں یہ مکان خاکستر ہوا ۔
یو این آئی