سری نگر،23 مارچ ; وادی کشمیر میں گذشتہ تین دنوں سے رک رک کر برف و باراں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی بڑھ گئی ہے۔
شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں دوران شب چار سے پانچ انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے جس سے وہاں موجود سیاح لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسمی حالت جوں کی توں رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 23 مارچ کو موسم زیادہ خراب رہ سکتا ہے تاہم 24 مارچ سے موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے۔
ادھر شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں حکام نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر منگل کو مڈل سطح تک کے اسکول بچوں کے لئے بند رکھے۔
چیف ایجوکیشن افسر کپوارہ کے دفتر سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر بچوں کے تحفظ کے لئے ضلع کے تمام مڈل سطح تک کے اسکول 23 مارچ یعنی منگل کے روز بند رہیں گے۔
وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ بھی کئی مقامات پر مٹی کے تودے گر آںے کی وجہ سے منگل کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی۔
متعلقہ حکام نے بتایا کہ بانہال، رام بن اور رامسو کے درمیان مٹی تودے اور چٹانیں کھسک آنے کے باعث قومی شاہراہ کو منگل کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رکھا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی کا فیصلہ سڑک کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی لیا جائے گا۔
جاری۔ یو این آئی۔