سری نگر، 19 مارچ ;وادی کشمیر میں خوشگوار موسم کے ساتھ ہی جہاں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع باغ گل لالہ کو عنقریب لوگوں کے لئے کھولا جا رہا ہے وہیں شہر خاص کے رعناواری علاقے میں واقع بادام واری میں لگے بادام کے درختوں پر پھوٹے دلکش شگوفوں کے دیدار سے لوگ 21 مارچ یعنی نوروز عالم کے تہوار کے دن سے ہی لطف اندوز ہوں گے۔
محکمہ سیاحت کے مطابق بادام واری میں ہفتے کی شام ساڑھے چار بجے سے چھ بجے تک ایک ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا جس کے بعد اس دلکش سیاحتی مقام کو اتوار سے سیاحوں و مقامی لوگوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔
اس ثقافتی پروگرام میں سکریٹری سیاحت سرمد حفیظ اور محکمہ سیاحت کشمیر کے ناظم ڈاکٹر جی این ایتو شرکت کریں گے۔
تاریخی ہاری پربت قلعے کے دامن میں واقع بادام واری میں لگے بادام کے درختوں پر پھوٹے شگوفوں سے ہر سو جنت کا سماں بندھ گیا ہے۔
یو این آئی اردو کے ایک نمائندے نے بادام واری کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ بادام کے درختوں پر پوٹھے سفید و گلابی رنگ کے شگوفے قابل دیدہ ہیں جن سے روح کو سکون اور آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ قطعہ اراضی سفید و گلابی رنگ کے پھولوں کے لباس میں ملبوس سیاحوں کی آمد کی منتظر ہے۔
بتادیں کہ بہار نو کی آمد کے ساتھ ہی وادی کے دیگر مشہور سیاحتی مقامات و باغات کی طرح بادام واری میں بھی سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے اور خاص طور پر مقامی لوگ اپنی تھکن اور دنیاوی پریشانیوں سے چھٹکارا پانے کے لئے بادام واری میں حاضر ہو جاتے ہیں۔
دریں اثنا ایشیا کے سب سے بڑا باغ گل لالہ بھی سیاحوں کی آمد کے لئے مکمل طور پر تیار ہے اور اس باغ کو ماہ رواں کی 25 تاریخ سے لوگوں کے لئے کھولنے کی توقع ہے۔
محکمہ پھولبانی کے ناظم فاروق احمد راتھر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ باغ گل لالہ کو 25 مارچ سے لوگوں کے لئے کھولنے کی امید ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس باغ کو لوگوں کے لئے کھلنے کا انحصار موسم پر ہے اور محکمہ موسمیات کی طرف سے اگلے ہفتے کے دوران خراب موسم کی پیش گوئی کے پیش نظر اس کے کھلنے کا پروگرام موخر بھی ہوسکتا ہے۔
موصوف نے بتایا کہ باغ گل لالہ میں امسال 62 اقسام کے پندرہ لاکھ ٹیولپ بلب لگائے گئے ہیں۔ یہ اب تک لگائے جانے والے سب سے زیادہ ٹیولپ بلب ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ٹیولپ گارڈن کو کھولنے کی تیاری سال بھر جاری رہتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ امسال ایک اچھا ٹیولپ شو دیکھنے کو ملے گا’۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ باغ گل لالہ کو لوگوں کی آمد کے لئے مکمل طور پر تیار رکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قریب چھ سو کنال اراضی پر محیط اس باغ میں لاکھوں ٹلپ بلب لوگوں کے منتظر ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کشمیر کے باغ گل لالہ کو ورلڈ ٹیولپ سوسائٹی نے سال 2014 میں دنیا کا دوسرا خوبصورت ترین باغ قرار دیا تھا۔
یو این آئی- ایم افضل۔ ظ ح بٹ





