سی پی آئی (ایم) کا امیدوار ضلع کولگام کا ڈی ڈی سی چیئر مین منتخب

سی پی آئی (ایم) کا امیدوار ضلع کولگام کا ڈی ڈی سی چیئر مین منتخب

سری نگر،/ سی پی آئی (ایم) سے وابستہ ایک امیدوار کو اتفاق رائے سے ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کا پہلا ڈی ڈی سی چیئرمین منتخب کیا گیا جبکہ نائب چیئر پرسن اور میونسپل کونسل چیئر پرسن کے عہدے نیشنل کانفرنس نے حاصل کئے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سی پی آئی (ایم) کے ضلع سکریٹری محمد افضل، جنہوں نے ڈی ڈی سی انتخابات میں پومائی نشست سے جیت حاصل کی تھی، کو ہفتے کے روز اتفاق رائے سے ضلع کولگام کا ڈی ڈی سی چیئر مین منتخب کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع کے تمام 13 امیدواروں نے محمد افضل کو ہی اپنی حمایت دی۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کی امیدوار شازیہ پوسوال، جنہوں نے ڈی ڈی سی حلقہ انتخاب منزگام سے کامیابی حاصل کی تھی، کو بہ اتفاق رائے نائب چیئر پرسن منتخب کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ میونسپل کونسل چیئر پرسن کا عہدہ بھی نیشنل کانفرنس کے کھاتے میں ہی گیا۔دریں اثنا سی پی آئی(ایم) کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر محمد یوسف تاریگامی نے محمد افضل کو ڈی ڈی سی چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’ہماری جماعت سی پی آئی (ایم) کے ایک کامریڈ محمد افضل کو ضلع کولگام کا ڈی ڈی سی چیئر مین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کولگام کے باقی ڈی ڈی سی امیدواروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنا تعاون دیا۔


یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.