جموں،/ احتجاجی کسانوں کی طرف سے دی گئی ’چکہ جام‘ کال کی حمایت میں کانگریس پارٹی نے ہفتے کے روز جموں میں احتجاجی دھرنا دیا۔
احتجاجی، جن کی سربراہی جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر کر رہے تھے، جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور انہوں نے ہاتھوں میں بینرس بھی اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر غلام احمد میر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کے کسانوں کی حمایت کے لئے کھل کر سڑکوں پر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی قوانین کو پارلیمنٹ میں غیر پارلیمانی طریقے سے پاس کیا گیا اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ان قوانین کو پارلیمنٹ میں واپس لیا جانا چاہئے۔
موصوف صدر نے کہا کہ احتجاجی کسانوں پر نامناسب الزامات لگائے جا رہے ہیں اور سرکار ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان قوانین سے ملک کے کسان برباد ہوجائیں گے۔
پارٹی کے ایک اور سینئر لیڈر رمن بھلا نے میڈیا کو بتایا کہ کانگریس پارٹی ملک کے کسانوں کی حمایت میں یہاں جمع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان کافی مدت سے بر سر احتجاج ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے مرکزی سرکار پر جمہوریت کو قتل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی حمایت میں پورا ملک کھڑا ہے۔
یو این آئی