جمعہ, جولائی ۱۱, ۲۰۲۵
28.3 C
Srinagar

کشمیر: شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے اوپر درج

ٹھٹھرتی سردیوں سے لوگوں کو راحت نصیب

سری نگر/وادی کشمیر میں گذشتہ چند روز سے شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مسلسل اوپر درج ہونے سے جہاں لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے راحت نصیب ہو رہی ہے وہیں آبی ذخائر کے منجمد ہونے اور نلوں میں پانی جم جانے کا سلسلہ بھی بند ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 12 فروری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔ قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم دجہ حرارت منفی 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔دریں اثنا وادی میں ہفتے کے روز موسم نہ صرف خشک رہا بلکہ کئی روز بعد صبح سے ہی ہلکی دھوپ چھائی رہی۔

وادی میں شبانہ درجہ حرات میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی جہاں آبی ذخائر کے منجمد ہونے اور نلوں اور ٹینکیوں میں پانی جم جانے کا سلسلہ بند ہوگیا ہے اور لوگوں کو در پیش پانی کی قلت دور ہونے لگی ہے وہیں کارو باری سرگرمیوں نے بھی رفتار پکڑنا شروع کی ہیں۔


یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img