سری نگر،/ جموں و کشمیر پولیس نے جیش محمد نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ ایک اعانت کار کو نئی دلی میں اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ جنگجو اعانت کار کو قطر سے نکالا گیا تھا اور دلی ہوائی اڈے پرپہنچتے ہی اس کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ جنگجو اعانت کار کی شناخت منیب صوفی ساکن بجبہاڑہ اننت ناگ کے بطور کی گئی ہے۔
پولیس کا ماننا ہے کہ منیب صوفی پاکستانی جنگجو ولید بھائی، جس کو سال گذشتہ ضلع کولگام میں ایک انکوائنٹر کے دوران مارا گیا تھا، کے لئے کام کرتا تھا۔
کشمیر زون پولیس نے اس سلسلے میں اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: ’کولگام پولیس نے لشکر طیبہ سے وابستہ منیب صوفی ساکن بجبہاڑہ نامی ایک اعلیٰ اعانت کار، جس کو آج قطر سے نکالا گیا تھا، کو دلی میں اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گرفتار کیا۔ وہ پاکستانی جنگجو ولید بھائی کے لئے کام کرتا تھا جس کو سال گذشتہ ضلع کولگام میں ایک انکوائنٹر کے دوران مارا گیا تھا‘۔
دریں اثنا کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے ان نواجوں جنہوں نے جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے، سے ایک بار پھر واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔
یو این آئی