سری نگر- جموں قومی شاہراہ پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کے لئے بند

سری نگر- جموں قومی شاہراہ پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کے لئے بند

سری نگر،/ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ہفتے کے روز تازہ برف باری کے باعث پیدا ہونے والی پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہی۔

بتادیں کہ شاہراہ جمعے کے روز بھی مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کے لئے بند تھی۔ٹریفک پولیس ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ قومی شاہراہ پر قاضی گنڈ، جواہر ٹنل کے آر پار، شیطانی نالہ اور بانہال میں ہوئی تازہ برف باری سے پھسلن پیدا ہوئی ہے جس کے پیش نظر ٹریفک کو معطل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ایجنسیوں نے شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنانے کے لئے مشینری اور نفری کو کام پر لگا دیا ہے تاہم برف باری جاری رہنے اور تودے گر آنے کے خطرات کے پیش نظر انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ ایجنسیوں کی طرف سے گرین سگنل موصول ہونے کے بعد ہی شاہراہ کو کھول دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ہفتے کے روز شاہراہ پر گاڑیوں کو جموں سے سری نگر روانہ ہونے کی اجازت تھی۔

دریں اثنا رام بن علاقے کے کیلا موڑ پر پل تعمیر کرنے کا کام شد ومد سے جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پل 29 جنوری تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
بتادیں کہ یہ پل 17 جنوری کو ڈھہ گیا تھا جس کے باعث شاہراہ پر چھ روز تک ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہی تھی۔

وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ سال رواں کی یکم جنوری سے بند ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر گذشتہ دو ماہ سے ٹریفک بند ہے۔


یو این آئی  

Leave a Reply

Your email address will not be published.