منگل, جولائی ۱, ۲۰۲۵
24.6 C
Srinagar

ڈی آئی جی فیروز خان کی طرح ہم بھی بنیں سماجی کارکن: ڈاکٹر شبنم

جودھپور/سال 1959 میں سِوِل سروسیز امتحان میں پاس ہونے والے 8لوگوں میں سے ایک فیروز خان تھے جو کہ راجستھان کے پہلے اقلیت آرپی ایس بنے تھے۔ انسان دوستی اور حق گوئی ان کا خاص وصف تھا۔ ان کی شخصیت میں پورا مارواڑ بستا تھا۔ ان خیالات کا اظہار جے نرائن ویاس یونیورسٹی جودھپور کے سابق پروفیسر اور مشہور مؤرخ ظہور خان میہرنے کیا۔ وہ کملا نہرو نگر واقع مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کے زیر انتظام چلنے والے فیروزخان میموریل گرلس سینئر سکنڈری اسکول میں مرحوم ڈی آئی جی فیروز خان کی 85ویں یومِ پیدائش پروگرام میں صدارتی خطیب کی حیثیت سے بول رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم فیروز خان نے محکمہ پولیس میں بہترین کام کرنے کے علاوہ سندھی سماج میں رائج سماجی برائیوں کے خاتمے اور بچیوں کی تعلیم کے سلسلے میں بھی بہت بڑا کردار ادا کیا۔
پروگرام کی مہمانِ خصوصی ڈاکٹر زاہدہ شبنم جو کہ ماہر تعلیم، ٹی وی اینکر اور سماجی کارکن ہیں، نے کہا کہ فیروز خان صاحب کی وفات کے 27سال بعد بھی ہمارا ان کو یاد کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ کتنے مشہور و معروف افسر اور بہترین سماجی کارکن تھے۔ ہمیں بھی ان کے نقش قدم پر چل کر ان کے جیسا بننے کی کوشش کرنی چاہیے۔
سوسائٹی کے سی ای او الحاج محمد عتیق نے کہا کہ مرحوم فیروز خان کی شخصیت ہمارے لیے مشعل راہ تھے۔ ان کی دعاؤں سے ہی سوسائٹی میں نرسری سے پی ایچ ڈی تک کے کئی ادارے کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں۔
ریٹائرڈ آر اے ایس اور مرحوم فیروز خان کے بیٹے اسلم خان میہر نے ان کی زندگی کو تفصیل سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ فیروز صاحب نے سروس کے دوران یوں تو کئی مقام حاصل کیے لیکن مکرانہ میں فرقہ وارانہ تشدد اور قبائلی مسئلہ سمیت کچھ ایسے معاملات پیش آئے جس کو انہوں نے بڑی ہی ہنرمندی اور پرامن طریقے سے حل کیا۔
اس پروگرام میں ڈاکٹر راحت خان، سابق کرنل ادریس خان، ڈاکٹر اجے وردھن آچاریہ، سماجی کارکن سیتارام لالس، سلیم میہر، مولانا آزاد یونیورسٹی کے رجسٹرار انور علی خان، ممبر عبداللہ خالد قریشی، فیروز احمد قاضی، محمد عتیق صدیقی، شمیم شیخ، فرح میہر، ڈاکٹر ریحانہ بیگم سمیت دیگر لوگ موجود رہے۔ جنرل سکریٹری نثار احمد خلجی نے سبھی شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تلاوت قرآن طالبہ ثنا اور تقریر کہکشاں نے پڑھی۔ پروگرام کی نظامت ڈپٹی رجسٹرار محمد امین نے کیا

Popular Categories

spot_imgspot_img