سری نگر// وادی کشمیر میں حالیہ برف باری کے بعد گذشتہ دو دنوں سے موسم خشک ہے اور مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 17 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔دریں اثنا وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پیر کو دوسرے روز بھی ٹریفک کی آمد ورفت کے لئے بند رہی۔
ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ ضلع رام بن کے قریب قومی شاہراہ کا ایک حصہ اتوار کی شام ڈھہ جانے کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ایجنسیوں نے شاہراہ کو جلد سے جلد قابل آمد و رفت بنانے کے لئے مشینری اور نفری کو کام پر لگا دیا ہے۔
وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ سال رواں کے یکم جنوری سے بند کر دی گئی ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر بھی ایک ماہ سے ٹریفک بند ہے۔
وادی کشمیر میں پیر کے روز موسم خشک مگر دن بھر ابر آلود رہا تاہم شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے سے سردی کی شدت میں قدرے کمی محسوس کی گئی۔
وادی کشمیر میں اگرچہ تمام بڑی سڑکوں سے برف ہٹایا گیا ہے اور ٹریفک کی آمد و رفت کو بحال کیا گیا ہے لیکن سڑکوں کے کناروں پر برف کے بڑے ڈھیر جمع ہیں جس سے راہگیروں کو چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سڑکوں پر پھلسن سے حادثات رونما ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں وہیں دوسری سڑک کے کناروں پر جمع برف راہگیروں کو چلنے میں مشکلات کھڑا کر رہا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ بیشتر گلی کوچوں سے برف نہیں ہٹایا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگ خاص کر بچے اور عمر رسیدہ افراد گھروں سے باہر نکل نہیں پا رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ، ککر ناگ میں منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کے دور اقتدار کا نصف حصہ مکمل ہوچکا ہے۔چلہ کلان نے اپنے دور اقتدار کے نصف حصے میں بھر طاقت کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو اپنی موجودگی کا بھر پوراحساس بھی دلایا۔
یو این آئی