شوپیاں تصادم، دو جنگجو ہلاک، دو سیکورٹی فورسز اہلکار زخمی، آپریشن جاری

شوپیاں تصادم، دو جنگجو ہلاک، دو سیکورٹی فورسز اہلکار زخمی، آپریشن جاری

سری نگر، 26 دسمبر :جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے کنی گام امام صاحب علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جمعہ کی دوپہر کو چھڑنے والی تصادم آرائی میں دو جنگجو ہلاک جبکہ دو سیکورٹی فورسز اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں تازہ جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ’شوپیاں انکوائنٹر اپ ڈیٹ: ایک اورعدم شناخت جنگجو ہلاک،مہلوک جنگجوؤں کی کل تعداد 2، آپریشن جاری‘۔
قبل ازیں ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاعات موصول ہونے پر فوج کی آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعے کی دوپہر کو ضلع شوپیاں کے کنی گام امام صاحب علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے قریب پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے درمیان تصادم میں دو سیکورٹی فورسز اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں علاج ومعالجے کے لئے فوری طور 92 بیس ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں تاریکی کے پیش نظر آپریشن کو ملتوی کیا گیا جس دوران جنگجوؤں نے دوسرے مکان میں پناہ لے لی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہفتے کی علی الصبح آپریشن بحال کر دیا گیا اور جوں ہی سیکورٹی فورسز اہلکار مشتبہ مکان کے قریب پہنچے تو وہاں پناہ گزین جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ شروع ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے مکان پر دھماکہ خیز مواد استعمال کیا جس سے مکان کو نقصان پہنچا تاہم جنگجو دوسرے مکان میں منتقل ہوگئے۔
دریں اثنا انتظامیہ نے ضلع میں تو جی موبائل انٹرنیٹ خدمات کو احتیاطی طور معطل کر دیا نیزسیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو جائے واردات پر طلب کیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ ایم افضل۔ شا پ۔ 122

Leave a Reply

Your email address will not be published.