جموں، 26 دسمبر :جموں و کشمیر پولیس نے جموں کے نروال علاقے میں جمعے کی شام ’دی ریزسٹنس فورس‘ (ٹی آر ایف) جنگجو تنظیم سے وابستہ دو جنگجوؤں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوؤں کی سرگرمیوں کے بارے میں ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر مقامی پولیس کی ایس او جی کی ایک ٹیم نے نروال بائی پاس پر خصوصی چیک پوائنٹ لگا کر گاڑیوں کی تلاشی کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ جمعے کی شام قریب ساڑھے پانچ بجے ایس اوجی اہلکار تلاشی کر رہے تھے کہ انہوں جموں سے سری نگر جا رہی ایک آلٹو گاڑی کو بھاگنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے گاڑی کا پیچھا کرکے اس کو پکڑ لیا اور اس میں سوار دو افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ بر آمد کیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت رئیس احمد ڈار ساکن قاضی گنڈ اور سبزار احمد شیخ ساکن اشموجی کولگام کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان سے ضبط شدہ بیگ سے ایک اے کے رائفل، دو میگزین، 60 راؤنڈس، ایک پستول اور دو میگزین بر آمد کئے گئے۔