جموں وکشمیر میں 70 برسوں کے بعد جمہوریت کی جیت: سید شاہنواز حسین

جموں وکشمیر میں 70 برسوں کے بعد جمہوریت کی جیت: سید شاہنواز حسین

سری نگر:بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں منعقد ہوئے ڈی ڈی سی انتخابات کو ملک کی انتخابی تاریخ میں سنہرے لفظوں سے لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے انتخابات کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ پولنگ کے دوران کسی بھی علاقے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔موصوف ترجمان نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں ایک ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ شاہنواز حسین پارٹی کی طرف سے کشمیر میں الیکشن انچارج تھے اور انہوں نے یہاں کئی انتخابی ریلیوں میں شرکت کی۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر میں ہفتے کے روز اختتام پذیر ڈی ڈی سی انتخابات کو ملک کی انتخابی تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا پہلی بار ایسا دیکھا گیا کہ پولنگ کے دوران کسی بھی علاقے میں ایک ناخوشگوار واقعہ بھی پیش نہیں آیا اور کسی نے کوئی شکایت نہیں کی ہم نے بھی کوئی شکایت نہیں کی’۔مسٹر حسین نے کہا کہ میں یہاں یہ اعلان کرتا ہوں کہ جموں وکشمیر میں 70 برسوں کے بعد جمہو ریت کی جیت ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں پہلی بار اتنی بھاری تعداد میں لوگ ووٹ ڈالنے کے لئے نکلے ، چند ایک کے بغیر تمام پولنگ بوتھوں پر رائے دہندگان کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں جس سے یہ صاف ظاہر ہوجاتا ہے کہ جموں وکشمیر میں جمہوریت کی جیت ہوئی ہے ’۔موصوف نے کہا کہ آج کی اس پریس کانفرنس کا انعقاد یہ اعلان کرنے کے لئے کیا گیا کہ اب کی بار بی جے پی اپنی موجودگی کا احساس دلائے گی۔انہوں نے کہا: ‘ڈی ڈی سی انتخابات کے نتائج کا انتظار ہے ، ہم کسی کو شکست دیں گے یا نہ دیں گے لیکن میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر میں ہم کانگریس کو ضرور شکست دیں گے ’۔مسٹر حسین نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تین جماعتوں نے ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لیا ایک پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ، بقول ان کے ‘گپکار گینگ’، کانگریس اور بی جے پی نے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 80 انتخابی حلقوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے تھے جبکہ باقی 2 سو حلقوں پر آزاد امیدواروں کی حمایت کی۔موصوف ترجمان نے کہا کہ آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کا خواب کشمیریت، انسانیت اور جمہوریت اب شرمندہ تعبیر ہوا ہے اور ڈی ڈی سی انتخابات نے یہ ثابت کیا ہے کہ جمہوریت ہی کشمیریت اور انسانیت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔فورجی موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘امید ہے کہ جموں وکشمیر میں فور جی موبائل انٹرنیٹ سروس کو جلد بحال کیا جائے گا’۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جائیداد کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے منسلک کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر سید شاہنواز نے کہا: ‘ایجنسیاں اپنا کام آزادنہ طور پر کر رہی ہیں ان کے ساتھ سیاست جوڑنا مناسب نہیں ہے ، کرپشن کا سیاست یا انتقام گیری سے کوئی تعلق نہیں ہے ، جن پر کرپشن کے الزامات عائد ہیں وہ عدالت میں جا کر اپنا اسٹینڈ پیش کرسکتے ہیں’۔بتادیں کہ جموں وکشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کی ووٹ شماری منگل کے روز ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.