پڑوسی ملک، دہشت گردی کے ذریعہ درپردہ جنگ کررہا ہے:راج ناتھ سنگھ

پڑوسی ملک، دہشت گردی کے ذریعہ درپردہ جنگ کررہا ہے:راج ناتھ سنگھ

حیدرآباد/وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ چارجنگوں میں شکست کے باوجود پڑوسی ملک ناپاک حرکتیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ وہ دہشت گردی کے ذریعہ درپردہ جنگ کررہا ہے۔ایسی کوششوں کا جواب دینے والی سیکوریٹی فورسس کو وہ تہنیت پیش کرنا چاہتے ہیں۔

راج ناتھ سنگھ نے حیدرآباد کے ڈنڈیگل میں ایرفورس اکیڈیمی میں کمبائنڈ گریجویشن پریڈ کا معائنہ کیا۔ہندوستانی فضائیہ کی بیشتر شاخوں سے تعلق رکھنے والے فلائٹ کیڈیٹس کی پری کمیشنگ ٹریننگ کی کامیابی سے تکمیل پر یہ تقریب منعقد کی جاتی ہے۔وزیردفاع نے مہمان خصوصی کے طورپر کمبائنڈ گریجویشن پریڈ کا معائنہ کیا۔

اس تقریب کے دوران انہوں نے گریجویشن ٹرینز کو پریزیڈنٹ کمیشن بھی پیش کیا۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام تربیت کی تکمیل کرنے والے اپنے فرائض سے انصاف کریں گے۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کی عظیم تاریخ ہے۔اس نے ہمیشہ بہادری کے مظاہرے کئے ہیں۔1971کی لونگے والا کی لڑائی سے لے کر حالیہ بالاکوٹ کے فضائیہ حملوں تک یہ تمام واقعات ملک کی تاریخ میں سنہرے باب سمجھے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہماری سیکوریٹی فورسس، پولیس اور فوج کافی چوکسی کے ساتھ دہشت گری کا مقابلہ کررہی ہے۔وہ نہ صرف داخلی طورپر بلکہ سرحد پار بھی دہشت گردی کا مقابلہ کررہی ہے۔بالاکوٹ میں ہندوستانی فضائیہ نے موثرجواب دیا اور دنیا نے دہشت گردی کے خلاف ہمارے ملک کی صلاحیت کو دیکھ لیا ہے۔وزیر دفاع نے چین کو بھی نشانہ بنایا اور کہاکہ یہ نیا ہندوستان ہے اور وہ سرحدات پر کسی بھی سرکشی،جارحیت اوریکطرفہ کارروائی کا جواب دینا جانتا ہے۔

لداخ میں ہند۔چین تصادم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا”آپ کو ہند۔چین تصادم کے بارے میں باخبر رہنے کی ضرورت ہے“۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے بالترتیب پروازاور نیوی گیشن کی تربیت کی تکمیل کرنے والے فلائٹ کیڈیٹس کو ونگس حوالے کئے۔انہوں نے ہندوستانی بحریہ،کوسٹ گارڈ اور دوست ممالک کے تربیت کی تکمیل کرنے والے عہدیداروں کو ونگس پیش کئے۔انہوں نے پرواز اور گراونڈ ڈیوٹی میں میرٹ آنے والوں میں پریسیڈنٹ پلیک بھی دیئے۔اس موقع پر ایس یو۔30طیارہ اور دیگر کی جانب سے مظاہرہ کیاگیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.