جموں و کشمیر انتظامیہ پر اپوزیشن لیڈروں کو ناکافی سیکورٹی فراہم کرنے کا الزام

جموں و کشمیر انتظامیہ پر اپوزیشن لیڈروں کو ناکافی سیکورٹی فراہم کرنے کا الزام

سری نگر،  پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پارٹی لیڈر حاجی پرویز احمد پر پیر کے روز ہوئے مشتبہ جنگجوؤں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جموں و کشمیر انتظامیہ پر اپوزیشن لیڈروں کو ناکافی سیکورٹی فراہم کرنے کا الزام لگایا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے اپوزیشن لیڈروں کی سیکورٹی کو کم کردیا جس سے ان لیڈران پر حملہ ہونا آسان بن گیا۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔

ٹویٹ میں انہوں نے کہا: ’حاجی پرویز احمد پر ہوئے حملے کی پر زور مذمت کرتی ہوں۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے اپوزیشن لیڈروں کی سیکورٹی کم کی ہے جس سے ان لیڈران پر حملہ ہونا آسان بن گیا ہے۔ ان لیڈروں کو نقصان پہنچنا تقریباً طے ہے کیونکہ انہیں جو تحفظ فراہم کیا گیا ہے وہ ناکافی ہے۔ منظور احمد کے اہل خانہ کو میں تعزیت پیش کرتی ہوں‘۔


سری نگر کے نٹی پورہ علاقے میں پیر کے روز مشتبہ جنگجوؤں کے حملے میں پی ڈی پی لیڈر حاجی پرویز احمد کا ایک ذاتی محافظ گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جو بعد ازاں سری نگر کے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔

 

(یو این آئی)

Leave a Reply

Your email address will not be published.