سری نگر// بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے امسال وادی کشمیر میں زعفران کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے کسانوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
اس فصل سے وابستہ کسانوں کا کہنا ہے کہ امسال بارشیں نہ ہونے اور حکومت کی طرف سے کھیتوں کی آبپاشی کے لئے موثر اسکیم کی عدم موجودگی کی وجہ سے زعفران کی پیداوار پہلے کے مقابلے میں کافی کم ہے۔ ایک کسان نے زعفران کی پیداوار میں کمی ہونے کے بارے میں بتایا: ‘اس سال بارشیں بھی کم ہوئیں اور حکومت کی طرف جو اسکیم کھیتوں کی آبپاشی کے لئے ہے وہ بھی قابل کار نہیں ہے اس وجہ سے پہلے کے مقابلے میں پیداوار کافی کم ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ فصل تیار کرنے میں جو خرچہ آیا ہے اس کی بھرپائی ہونا بھی مشکل ہی نظر آتا ہے اور ہم اب اپنی محنت ومشقت کا حساب بھی نہیں کرتے ہیں۔
موصوف نے کہا کہ ماحولیات کا توازن ہر پل بگڑ رہا ہے اور زمین بھی سکڑ رہی ہے لہٰذا مستقبل قریب میں یہ فصل اگرچہ سرے سے ہی ختم نہیں ہوگی لیکن انتہائی کم ضرور ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس کاشتکاری کے زوال سے لاکھوں لوگوں کی روزی روٹی متاثر ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زعفران کی پیداوار میں کمی واقع ہونے کی وجہ سے کسان اب کھیتوں میں سیب یا اخروٹ کے درخت لگا رہے ہیں۔
یو این آئی





