ہفتہ, جولائی 18, 2026
33.4 C
Srinagar

پونچھ میں ایل او سی مسلسل گرم، کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں

جموں،// جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر تین سیکٹروں میں بدھ کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ ضلع پونچھ میں ایل او سی پر شاہپور، کرنی اور قصبہ سیکٹروں میں بدھ کی صبح قریب سوا نو بجے پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے گولہ باری شروع کر دی۔
انہوں نے کہا کہ ان سیکٹروں میں تعینات بھارتی جوان حملوں کا بھر پور جواب دے رہے ہیں تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال 2003 میں جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔
جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان گذشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
یو این آئی 

Popular Categories

spot_imgspot_img