ہفتہ, جولائی 18, 2026
33.4 C
Srinagar

ڈی ڈی سی انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا: میجر جنرل ایچ ایس ساہی

سری نگر// شمالی کشمیر میں قائم فوج کی کلو فورس کے جی او سی میجر جنرل ایچ ایس ساہی نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی طرف سے جموں و کشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دو سو کے قریب جنگجو سرگرم ہیں جن میں سے قریب 60 جنگجو شمالی کشمیر میں موجود ہیں۔
موصوف میجر جنرل نے ان باتوں کا اظہار شمالی ضلع بانڈی پورہ کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا: ‘بانڈی پورہ میں سیکورٹی صورتحال بہت اچھی ہے۔ مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ سیکورٹی فورسز ڈی ڈی سی انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنائیں گے’۔
مسٹر ساہی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں قریب دو سو جنگجو سرگرم ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر میں قریب دو سو جنگجو سرگرم ہیں ان میں سے 50 سے 60 جنگجو شمالی کشمیر میں موجود ہیں جن میں سے 40 سے 45 جنگجو غیر ملکی ہیں’۔
موصوف نے کہا کہ اس سال نو جنگجوؤں نے خود سپردگی اختیار کی اور امید ہے کہ آنے والے وقت میں مزید لڑکے سرنڈر کریں گے۔
سرنڈر پالیسی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘سال1997 میں پہلی سرنڈر پالیسی بنائی گئی تھی جس میں سال 2004 میں ترمیم کی گئی اور اس کے بعد سال 2010 میں سرحد پار کرنے والے ان کشمیری نوجوانوں جو وطن واپس لوٹنے کے خواہش مند ہیں، کے لئے نئی پالیسی بنائی گئی اور آج ایک نئی سرنڈر پالیسی پر حکومت غور کر رہی ہے’۔
مسٹر ساہی نے کہا کہ فوج کی طرف سے منعقد کئے جانے والے سپورٹس سرگرمیوں میں نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
فور جی موبائل انٹر نیٹ کی بحالی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘یہ فیصلے اعلیٰ سطح پر لئے جاتے ہیں اور صورتحال کو باریک بینی سے دیکھا جا رہا ہے’۔
یو این آئی 

Popular Categories

spot_imgspot_img