ایشین میل نیوز ڈیسک
پلوامہ::::جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ڈلی پورہ میں جمعرات کی علی الصبح جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید تصادم ہوا جس میں تین جنگجو، ایک فوجی اور ایک عام شہری ہلاک جبکہ تین دیگر بشمول دو سیکورٹی فورس اہلکار زخمی ہوگئے۔
انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع جبکہ قصبہ پلوامہ میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘چنار کور، کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف وادی کو جنگجوئوں سے پاک بنانے میں سرگرم ہے۔ ڈلی پورہ پلوامہ میں کٹر جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا۔ جنگجو لیڈرشپ کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایک فوجی ازجان ہوا۔ آپریشن اپنے اختتام کو پہنچا’۔
ایک رپورٹ کے مطابق مہلوک جنگجو ‘جیش محمد’ کے ساتھ وابستہ تھے جن کی شناخت نصیر پنڈت ساکنہ کریم آباد پلوامہ، عمر میر ساکنہ شوپیاں اور خالد بھئی ساکنہ پاکستان کے طور پر کی گئی ہے۔
مہلوک فوجی کی شناخت سندیپ کمار جبکہ مہلوک عام شہری کی شناخت رئیس احمد ڈار کے طور پر ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے ڈلی پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس نے مذکورہ علاقہ میں گزشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوئوں نے فورسز اور ریاستی پولیس کی مشترکہ پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین تصادم چھڑ گیا۔





