ایشین میل نیوز ڈیسک
شوکت ساحل
کولگام : پارلیمانی انتخابات کے مجموعی چوتھے مرحلے کے تحت جنوبی کشمیر کی پارلیمانی نشست اننت ناگ میں سوموار کی صبح سات بجے دوسرے مرحلے کی پو لنگ شروع ہوگئی ۔اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے لئے تین مرحلوں پر مبنی اِنتخابات کے دوسرے مرحلے کے اِنتخابات میں ضلع کولگا م میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں ۔
پولنگ عمل انتہائی سست رفتاری سے شروع ہوا ۔ابتدائی رجحان کے مطابق پہلے ایک گھنٹے کے دوران ضلعے میں 0.2فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔ضلعے میں پولنگ کے احسن انعقاد کےلئے100فورسز کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں ۔
ضلعے میں پولنگ کے دوران مزاحمتی قائدین کی کال پر ہڑتا ل بھی کی جارہی ہے جبکہ افواہوں کو روکنے کےلئے موبائیل انٹر نیٹ خد مات معطل کردی گئیں ۔اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے لئے تین مرحلوں پر مبنی اِنتخابات کے دوسرے مرحلے کے اِنتخابات میں ضلع کولگا م ضلع میں 3.45 لاکھ سے زائد رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا ہے۔یہ ضلع چار اسمبلی حلقوں نور آباد، کولگام ، ہوم شالی بُگ اور دیو سر پر مبنی ہے ۔
اس ضلع میں ووٹروں کی کل تعداد 345,486 ہے جن میں 179,607مرد ، 164,604خواتین ، 1262سروس ووٹر(1254مرد اور08 خواتین ووٹر) اور 13خواجہ سرا ووٹر ہیں ۔الیکشن کمیشن نے اِنتخابات کے احسن انعقاد کے لئے ضلع میں 433پولنگ مراکز قائم کئے ہیں ۔
جو اُمیدوار چناﺅ ی دوڑ میں ہیں اُن میں نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی ، بی جے پی کے صوفی یوسف ، کانگریس کے غلام احمد میر، پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی ،نیشنل پینتھرس پارٹی کے نثار احمد وانی ، پیپلز کانفرنس کے چودھری ظفر علی ،مانو ادھیکار پارٹی کے سنجے کمار دھر ، پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے سریندر سنگھ اور آزاد اُمیدوار امتیاز احمد راتھر، رضوانہ صنم، ریاض احمد بٹ ، زبیر مسعودی ، شمس خواجہ ، علی محمد وانی ، غلام محمد وانی قیصر احمد شیخ ، منظور احمد خان اور مرزا سجاد حسین بیگ شامل ہیں ۔
کولگام اسمبلی حلقے میں سب سے زیادہ 98,298ووٹر ہیں جن میں 51,051مرد، 46,818خواتین ، 455سروس ووٹر اور 4خواجہ سرا ووٹر ہیں جبکہ نورآباد میں سب سے کم 77,171ووٹر ہیں جن میں 40,093مرد ، 36,886خواتین ، 188سروس ووٹر اور 4خواجہ سرا ووٹر ہیں ۔
دیوسر اسمبلی حلقہ میں کل 91,288 ووٹر ہیں جن میں 47,467مرد ،43,324خواتین ، 492سروس ووٹر اور 5 خواجہ سرا ووٹر ہیں جبکہ ہوم شالی بُگ حلقے میں 78,669ووٹر ہیں جن میں 40,996مرد ، 37,576 خواتین اور 127سروس ووٹر ہیں۔
اننت ناگ ضلع کے اننت ناگ پارلیمانی حلقے میں 23 اپریل کو تیسرے مرحلے کے تحت ووٹنگ ہوئی تھی۔یہ پارلیمانی حلقہ چار اضلاع اننت ناگ ، کولگام ، شوپیاں اور پلوامہ پر مبنی ہے ۔