حکومت ہند قیدیوں کے تئیں غیر سنجیدہ
سری نگر: پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی تہاڑ جیل میں علالت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہند قیدیوں کی حالت زار کے تئیں غیر سنجیدہ ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی ہمشیرہ نے سری نگر کے مائسمہ علاقے میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کو بتایا ‘یاسین ملک جیل میں بہت علیل ہوگئے ہیں، انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، وہ 16 اپریل سے بھوک ہڑتال پر ہیں وہ دوا بھی نہیں لے رہے ہیں اور آج یہ لوگ یہ بتانے پر مجبور ہوئے ہیں کہ وہ علیل ہیں جب کہ آج تک انہوں نے خاموشی اختیارکی’۔
محبوبہ مفتی نے یاسین ملک کی زیر حراست علالت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ کہا ‘تہاڑ جیل میں یاسین ملک کی بگڑتی صحت کے بارے میں اُن کے اہل خانہ کے تحفظات حق بجانب ہیں، حکومت ہند قیدیوں کی حالت زار کے تئیں غیر سنجیدہ ہے، وہ اپنے سایسی مفادات کی تکمیل کے لئے پرگیہ سادھوی جیسے معتصب شخص کو ضمانت دے سکتے ہیں، جنتا پارٹی معتصب ہے’۔
قابل ذکر ہے کہ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو ریاستی پولیس نے ماہ فروری کی 22 تاریخ کو حراست میں لیکر پولیس تھانہ کوٹھی باغ میں مقید کردیا تھا۔
بعد ازاں 7 مارچ کو انہیں پی ایس اے کے تحت کوٹ بلوال جموں منتقل کیا گیا جہاں سے بعد ازاں انہیں 9 اپریل کو تہاڑ جیل دلی منتقل کیا گیا۔
بتادیں کہ مرکزی حکومت نے لبریشن فرنٹ پر حال ہی میں پابندی عائد کی۔