منگل, اکتوبر 13, 2026
19.5 C
Srinagar

آئی ایم ایف نے ہندستان کی نمو کا تخمینہ بڑھا کر سات فیصد کیا

نئی دہلی: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے موجودہ مالیاتی سال اور اگلے مالیاتی سال کے لیے ہندستان کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو کا تخمینہ بڑھا کر سات فیصد کر دیا ہے۔

آئی ایم ایف نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں منگل کو جاری کردہ اپنی رپورٹ ‘ورلڈ اکنامک آؤٹ لک 2026’ میں کہا ہے کہ مغربی ایشیا کے بحران اور دیگر رکاوٹوں کے باوجود "ہندستان کی شرح نمو مضبوط بنی ہوئی ہے۔ خام تیل کی اونچی قیمتوں کے باوجود اسے گھریلو مانگ اور خدمات سے تعاون مل رہا ہے”۔

رپورٹ میں جاری مالیاتی سال 2026-27 اور اگلے مالیاتی سال 2027-28 کے لیے ہندستان کے شرع نمو کے تخمینے میں جولائی میں جاری کردہ اپ ڈیٹ کے مقابلے بالترتیب 0.6 فیصد اور 0.3 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل، ریزرو بینک آف انڈیا اور ورلڈ بینک نے بھی گزشتہ ہفتے ہندستان کے لیے اپنے اپنے شرع نمو کے تخمینوں میں مثبت ترمیم کی تھی۔ ریزرو بینک نے اپنے گزشتہ تخمینے میں 0.4 فیصد کا مؤثر اضافہ کرتے ہوئے اسے 7.1 فیصد کر دیا تھا۔

جی ڈی پی کی پہلی سہ ماہی (اپریل-جون 2026) کے مضبوط اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد تمام ایجنسیوں نے یہ ترمیم کی ہے۔ پہلی سہ ماہی میں مغربی ایشیا کے بحران اور سپلائی کی رکاوٹوں کے باوجود جی ڈی پی کی شرح نمو 7.8 فیصد درج کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق، ہندستان اگلے دو سال بھی دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت بنا رہے گا۔ اس میں کیلنڈر سال 2026 کے لیے عالمی نمو کا تخمینہ بھی تین فیصد سے بڑھا کر 3.1 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ سال 2027 کے لیے اس تخمینے میں کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے اسے 3.4 فیصد پر برقرار رکھا گیا ہے۔

یواین آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img