سعودی عرب کی مقامی ایئر لائن سعودیہ نے جمعرات کے روز ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے نتیجے میں اپنے ایک پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ایئر لائن نے پائلٹ کی شناخت حمود علی الکلثامی کے نام سے کی ہے۔
اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ریاض ہوائی اڈے کے ایک ٹرمینل پر کھڑے سرکاری ملکیت میں چلنے والی سعودیہ ایئرلائنز کا ایک مسافر طیارہ آگ لگنے سے شدید متاثر ہوا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ کہ جمعرات کے روز ریاض کے کنگ خالد بین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ ایک ہوائی جہاز کو نقصان پہنچا ہے۔
سعودی حکام کی کنگ خالد ایئرپورٹ پر حملے میں تین شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق
سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز ریاض کے کنگ خالد بین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں میں تین افراد ہلاک جبکہ ایک ہوائی جہاز کو نقصان پہنچا ہے۔
ادارے کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز ریاض ایئرپورٹ پر دو حملے کیے گئے۔
بیان کے مطابق پہلے حملے میں ہوائی اڈے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ دوسرے حملے میں سعودی ایئرلائنز کے ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔
سعودی حکام کے مطابق ان دونوں حملوں کے نتیجے میں تین سعودی شہری ہلاک جبکہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد غیر ملکی بھی زخمی ہوئے ہیں۔
سول ایوی ایشن کا کہنا زخمیوں کو مختلف نوعیتوں کی چوٹیں آئی تھیں جنھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر آپریشنل سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں اور فضائی آمدورفت معمول پر آ گئی ہے۔





