’ جموں و کشمیر کے مسائل واشنگٹن نہیں بلکہ مرکز حل کرے گا‘
ایشین میل نیوزڈیسک
سری نگر ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور کے جموں و کشمیر دورے سے قبل وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے مسائل واشنگٹن نہیں بلکہ نئی دہلی کو حل کرنے ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ مرکز کے زیرانتظام خطے کے مسائل کے بارے میں کسی غیر ملکی سفارت کار سے شکایت نہیں کریں گے۔سفیر گور، جو جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے خصوصی نمائندے بھی ہیں، بدھ کی دوپہر سری نگر پہنچنے والے ہیں۔ وہ سری نگر میں رات کا قیام کرنے کے بعد جمعرات کے روز لداخ روانہ ہوں گے۔
شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرنے اور اہم شہری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ امریکی سفیر سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق معاملات میں کسی بیرونی مداخلت کا مطالبہ نہیں کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک طویل عرصے بعد کسی امریکی سفیر کا جموں و کشمیر کا دورہ ہورہا ہے اور وہ بھی طویل وقفے کے بعد کسی امریکی سفیر سے ملاقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’انہیں آنے دیں، ہم ان سے بات کریں گے۔‘ عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ وہ سفیر کے خیالات سننے کے خواہاں ہیں اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ دونوں کے درمیان کس نوعیت کی گفتگو ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران بنیادی طور پر جموں و کشمیر اور مرکز کے زیر انتظام خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوگی۔ عمر عبداللہ نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر کے مسائل کا امریکی سفیر سے کوئی تعلق نہیں ہے اور کسی دوسرے ملک کے سفیر سے شکایت کرنا ان کی عادت نہیں ہے۔مرکز کو خطے کے مسائل حل کرنے کی ذمہ داری یاد دلاتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ ’واشنگٹن ہمارے مسائل حل نہیں کرے گا۔ ہماری مرکزی حکومت کو ہی ہمارے مسائل حل کرنے ہوں گے۔ کسی دوسرے ملک کے سفیر سے شکایت کرنا غلط ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ امریکی سفیر سے جموں و کشمیر کے حالات پر بات ضرور کریں گے، لیکن اپنے مسائل کا حل ان سے تلاش کرنے کی کوشش نہیں کریں گے۔یہ گزشتہ 15 سال سے زائد عرصے میں کسی امریکی سفیر اور جموں و کشمیر کے موجودہ وزیر اعلیٰ کے درمیان پہلی ملاقات ہوگی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سرجیو گور اس سے قبل کیرالہ، کرناٹک اور مہاراشٹر سمیت ہندوستان کی متعدد ریاستوں کا دورہ کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے سیاسی رہنماو¿ں سے ملاقاتیں کی تھیں۔





