سیکیورٹی فورسز کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن ،مشتبہ افراد کی تلاشی جاری
نیوز ایجنسیز
جموں۔جموں و کشمیر کے اودھم پور، ریاسی اور کٹھوعہ اضلاع میں مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے متعدد مقامات پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔پولیس ،سی آر پی ایف اور فوج کی مشترکہ ٹیمیں مختلف علاقوں میں مشتبہ افراد کی تلاش اور اطلاعات کی تصدیق میں مصروف ہیں۔اودھم پور ضلع کے تالوت گاو¿ں میں پیر کی رات دو مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔حکام کے مطابق دونوں مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر تالوت گاو¿ں میں مقامی رہائشی کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا اور کھانا مانگا۔ اہل خانہ نے بار بار دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود دروازہ نہیں کھولا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں افراد نے شالیں اوڑھ رکھی تھیں اور بعد ازاں وہاں سے کھوبن کی جانب روانہ ہوگئے۔ واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس ، سی آر پی ایف اور فوج کی مشترکہ ٹیمیں تالوت پہنچیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے گاو¿ں اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مشتبہ افراد کے ممکنہ راستوں کی تلاشی لی، جبکہ ان کی موجودگی سے متعلق اطلاعات کی بھی تصدیق کی جارہی ہے۔دریں اثنا، ریاسی ضلع کے سدھینی جنگلات میں بھی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔ جنگلاتی علاقے میں اہلکار مختلف مقامات کی تلاشی لے رہے ہیں۔دوسری جانب کٹھوعہ ضلع کے ہیرانگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع متعدد دیہات میں بھی سکیورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی کارروائیاں کی گئیں۔ حکام کے مطابق ان علاقوں میں بھی مشتبہ افراد کی نقل و حرکت سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ حکام کے مطابق اودھم پور، ریاسی اور کٹھوعہ کے ان تمام علاقوں میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے جہاں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ سرچ آپریشنز کا مقصد مشتبہ افراد کا سراغ لگانے کے ساتھ ساتھ موصولہ اطلاعات کی تصدیق کرنا ہے۔ابھی تک کسی مشتبہ شخص کی گرفتاری یا کسی بڑی برآمدگی کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے مختلف مقامات پر تلاشی کارروائیاں جاری ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب اودھم پور کے مختلف جنگلاتی علاقوں میں حالیہ دنوں میں بھی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات پر سرچ آپریشن کیے گئے ہیں۔ 16 اگست کو رام نگر کے جنگلاتی علاقے میں بھی دو نامعلوم افراد کی مشتبہ نقل و حرکت کے بعد مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔





