ہارون رشید
سرینگر پاندچھ سے عمر ہیرہ احمد نگر تک90 فٹ روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کی عدم دستیابی کے باعث شام ڈھلتے ہی سڑک کا بیشتر حصہ گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے، جس سے راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں اور دیگر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق رات کے اوقات میں مناسب روشنی نہ ہونے کے باعث حادثات کا خطرہ ہر وقت برقرار رہتا ہے، جبکہ کئی مقامات پر اندھیرے کی وجہ سے معمولی حادثات اور ٹریفک سے متعلق ناخوشگوار واقعات بھی پیش آتے رہے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران صورتحال مزید سنگین ہوجاتی ہے، کیونکہ سڑک پر پانی جمع ہونے، پھسلن اور کم حدِ نگاہ کے باعث ڈرائیونگ مزید خطرناک بن جاتی ہے۔ ایسے میں اسٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی نہ صرف ٹریفک کی روانی بلکہ پیدل چلنے والے شہریوں کی حفاظت کے لیے بھی ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکی ہے۔ ایک اہم رابطہ سڑک ہونے کے باوجود رات کے وقت بنیادی روشنی کا انتظام نہ ہونا شہری سہولیات اور سڑکوں کی حفاظت سے متعلق کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

مقامی آبادی نے متعلقہ ممبر اسمبلی، ضلع ترقیاتی کمشنر اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ پاندچھ سے عمر ہیرہ احمد نگر تک90 فٹ روڈ کا موقع پر معائنہ کرکے صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور ترجیحی بنیادوں پر مناسب تعداد میں اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ محض سہولت کا نہیں بلکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور محفوظ آمدورفت کا ہے۔مقامی باشندوں نے مزید کہا کہ متعلقہ اداروں کو بارشوں اور سردیوں کے دوران پیدا ہونے والے اضافی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑک کے تاریک حصوں کی نشاندہی کرکے مستقل روشنی کا انتظام کرنا چاہیے۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ منتخب نمائندے اور انتظامیہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری اقدامات کریں گے تاکہ رات کے اوقات میں سفر کرنے والے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم ہوسکے۔





