فلم جمع کرانے کا عمل 30 جولائی تک جاری رہے گا، فیسٹیول 7 سے 10 ستمبر تک ہوگا
سری نگر، 29 جولائی: جموں و کشمیر کے پہلے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف جموں اینڈ کشمیر (آئی ایف ایف جے کے) 2026 کو دنیا بھر کے فلم سازوں کی جانب سے زبردست ردعمل حاصل ہوا ہے۔ اب تک تقریباً 50 ممالک سے 875 فلموں کی انٹریز موصول ہو چکی ہیں، جو جموں و کشمیر حکومت کے اس اہم سنیما اقدام میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہیں۔
فلموں کے اندراج کا عمل کل یعنی 30 جولائی 2026 تک جاری رہے گا، جس کے بعد فلم سازوں کو افتتاحی ایڈیشن میں شرکت کے لیے اپنی فلمیں جمع کرانے کا موقع نہیں ملے گا۔
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر) نے نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے اشتراک سے اس فیسٹیول کا انعقاد کیا ہے، جو 7 سے 10 ستمبر 2026 تک منعقد ہوگا۔
فیسٹیول کا مقصد جموں و کشمیر کو سنیما، تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی تبادلے کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر پیش کرنا ہے، جبکہ دنیا بھر کے فلم سازوں کو اپنی تخلیقات دکھانے کے لیے ایک باوقار پلیٹ فارم فراہم کرنا بھی اس کا اہم مقصد ہے۔
ملکی اور بین الاقوامی فلم سازوں کی جانب سے ملنے والا حوصلہ افزا ردعمل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جموں و کشمیر فلم سازی، سنیما کے معیار اور تخلیقی تعاون کے ایک ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر اپنی شناخت بنا رہا ہے۔
تقریباً 50 ممالک سے موصول ہونے والی فلموں میں کہانی بیان کرنے کے مختلف انداز، فنکارانہ خیالات اور جدید فلم سازی کے تجربات شامل ہیں، جو فیسٹیول کو مزید متنوع اور منفرد بنائیں گے۔
چار روزہ فیسٹیول میں منتخب فلموں کی نمائش، خصوصی نشستیں، ماسٹر کلاسز، پینل مباحثے اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جہاں فلم ساز، صنعت کے ماہرین، طلبہ اور سنیما کے شائقین خیالات کا تبادلہ کر سکیں گے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں گے۔
آئی ایف ایف جے کے جموں و کشمیر کے ثقافتی ورثے، قدرتی حسن اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
فیسٹیول کا مقصد سنیما کے ذریعے جموں و کشمیر کی ثقافت کو فروغ دینا، فنکارانہ معیار کو بلند کرنا، ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا اور دنیا بھر کی بہترین فلموں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
یہ فیسٹیول مختلف ممالک کی فلمی ثقافتوں کو ان کے سماجی اور ثقافتی پس منظر کے ساتھ سمجھنے اور سراہنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا، جبکہ سنیما کے ذریعے عالمی سطح پر دوستی اور تعاون کو فروغ دینے کا وژن رکھتا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب 17 جولائی 2026 کو منعقد ہوئی تھی، جس میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے پہلے بین الاقوامی فلم فیسٹیول کا باضابطہ آغاز کیا اور دنیا بھر کے فلم سازوں، فنکاروں، پروڈیوسرز اور سنیما شائقین کو شرکت کی دعوت دی۔





