بدھ, جولائی 22, 2026
18.4 C
Srinagar

شدید بارش کے باعث سرینگر ۔جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل،ملبہ ہٹانے کے لیے ٹیمیں تعینات، موسم بہتر ہونے تک سفر سے گریز کی ہدایت

رام بن، 22 جولائی: شدید بارش کے باعث بدھ کے روز جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر دونوں اطراف سے ٹریفک معطل کر دی گئی۔ مسلسل بارش کے نتیجے میں اودھم پور اور رام بن اضلاع کے مختلف مقامات پر پتھر گرنے (شوٹنگ اسٹونز) اور مٹی کے تودے کھسکنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جس سے شاہراہ پر آمد و رفت غیر محفوظ ہو گئی۔

حکام نے بتایا کہ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے جموں اور سرینگر، دونوں جانب سے گاڑیوں کی آمد و رفت احتیاطی طور پر روک دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اودھم پور اور رام بن کے حساس مقامات پر مٹی کے تودے گرنے اور پتھر کھسکنے کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت ممکن نہیں رہی۔

ادھر، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) کی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر ملبہ، مٹی کے تودے اور گرے ہوئے پتھر ہٹانے کے کام میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق، "جیسے ہی موسم میں بہتری آئے گی اور متعلقہ مقامات کو ٹریفک کے لیے محفوظ قرار دیا جائے گا، شاہراہ کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔”

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسم بہتر ہونے اور شاہراہ کو ٹریفک کے لیے محفوظ قرار دیے جانے تک جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img