جموں، 15 جولائی:جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس کا دورہ کرکے جاری شری امرناتھ جی یاترا کے لیے فراہم کی گئی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ سالانہ امرناتھ یاترا نے محض 12 دنوں میں تین لاکھ یاتریوں کا ہندسہ عبور کر لیا ہے اور عقیدت مندوں کو محفوظ، پُرسکون اور بلا رکاوٹ یاترا کی سہولت فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس،فوج، دیگر سیکورٹی فورسز، شری امرناتھ جی شرائن بورڈ اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ میٹنگ کی۔ انہوں نے یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی انتھک محنت اور خدمات کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ ہر یاتری کو "دیویہ مہمان” سمجھ کر اس کی خدمت کی جائے۔
منوج سنہا نے رجسٹریشن کے شفاف اور مؤثر نظام، آرام دہ قیام اور بابا برفانی کے تمام عقیدت مندوں کے لیے ہموار سفری انتظامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ جموں خطے کو ایک اہم سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لیے روحانی اور سیاحتی مقامات کے خصوصی سیر و سیاحت پروگرام ترتیب دیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی دستکاری اور ہینڈلوم مصنوعات کو فروغ دیا جائے تاکہ یاتری اپنے ساتھ نہ صرف خوشگوار یادیں بلکہ جموں و کشمیر کی مستند دست ساز مصنوعات بھی لے کر جائیں۔

منوج سنہا نے کہا، "ہم سب مل کر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ اس سال کی شری امرناتھ جی یاترا کو حقیقی معنوں میں ایک تاریخی یاترا بنایا جائے۔”




