بدھ, جولائی 8, 2026
28.9 C
Srinagar

فیفا ورلڈ کپ:ارجنٹینا نے شکست کو فتح میں بدل ڈالا، مصر کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مصر کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ مصر ایک وقت میں دو گول کی برتری حاصل کیے ہوئے تھا، تاہم ارجنٹینا نے آخری لمحات میں مسلسل تین گول کر کے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔

میچ کے 15ویں منٹ میں یاسر ابراہیم نے ہیڈر کے ذریعے مصر کو برتری دلائی۔ پہلے ہاف میں ارجنٹینا کو پنالٹی بھی ملی، لیکن مصر کے گول کیپر مصطفیٰ شوبیر نے لیونل میسی کی پنالٹی شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی۔

دوسرے ہاف کے 67ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو نے مصر کے لیے دوسرا گول کر کے اسکور 2-0 کر دیا، جس کے بعد مصر کی فتح کے امکانات روشن دکھائی دینے لگے۔

تاہم ارجنٹینا نے زبردست واپسی کی۔ 79ویں منٹ میں کرسٹیان رومیرو نے ہیڈر کے ذریعے پہلا گول اسکور کیا۔ اس کے صرف چار منٹ بعد 83ویں منٹ میں کپتان لیونل میسی نے گونزالو مونتیئیل کے پاس پر گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔

میچ کے انجری ٹائم کے تیسرے منٹ (90+3) میں اینزو فرنانڈیز نے لاوتارو مارٹینیز کے کراس پر فیصلہ کن ہیڈر اسکور کرتے ہوئے ارجنٹینا کو 2-3 کی یادگار فتح دلا دی۔

اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا، جبکہ مصر کا ورلڈ کپ میں شاندار سفر اختتام پذیر ہو گیا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img