سری نگر، 7 جولائی: جموں و کشمیر کی سول سوسائٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد نمائندوں نے منگل کے روز شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر (ایس کے آئی سی سی)، سری نگر میں منعقدہ ایک اجلاس میں شرکت کی، جس کی صدارت جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر و وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کی۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پوسٹ کے مطابق، اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ جموں و کشمیر کا مکمل ریاستی درجہ مزید کسی تاخیر کے بغیر بحال کیا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ قرارداد اجلاس میں موجود سول سوسائٹی کے نمائندوں کی متفقہ اور اجتماعی آواز کی عکاس ہے، جو جموں و کشمیر کو فوری طور پر مکمل ریاستی درجہ بحال کرنے کے وسیع عوامی مطالبے کی توثیق کرتی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی ایکس پر ایک علیحدہ پوسٹ میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کا دعوت قبول کرنے اور اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اجلاس کی کارروائی کو "انتہائی مفید” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو شرکاء کی جانب سے قیمتی آراء اور تعمیری تجاویز موصول ہوئیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس کے ذریعے مرکزی حکومت سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے جموں و کشمیر کا مکمل ریاستی درجہ مزید تاخیر کے بغیر بحال کرے۔




