ہفتہ, جون 27, 2026
28.8 C
Srinagar

میرواعظ کا علم صاحب نرورہ میں یومِ عاشورہ کے اجتماع سے خطاب

یومِ عاشورہ کی روحانی اہمیت، حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی، اور اخلاقی و سماجی اقدار کے احیاءپر زور

میرواعظِ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے یومِ عاشورہ کے موقع پر آستانِ عالیہ علم صاحب، نرورہ، سرینگر میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا جس میں خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے حسب روایت شرکت کی۔

یومِ عاشورہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ یہ دن اسلامی تاریخ اور روایت میں بڑی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس دن اللہ تعالیٰ کے مختلف پر عزم انبیائے کرامؑ کی زندگیوں سے وابستہ کئی اہم واقعات کو یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن غور و فکر، شکرگزاری، توبہ اور تجدیدِ ایمان کا دن ہے۔

میرواعظ نے کہا کہ یومِ عاشورہ حضرت امام حسینؓ، جوپیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے نواسے ہیں، اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی سے بھی ہمیشہ کے لیے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا محض تاریخ کا ایک دردناک سانحہ نہیں بلکہ حق، انصاف، صبر، قربانی اور ظلم کے سامنے ثابت قدمی کا ابدی مظاہرہ اوردرس ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے معاشرے کے لیے عاشورہ کا ایک اہم پیغام یہ ہے کہ ہم بڑھتی ہوئی مادہ پرستی اور اخلاقی و روحانی اقدار کی کمزوری پر غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی معاشرے کو صرف دولت، آرام یا ظاہری کامیابی سے نہیں پرکھا جا سکتا بلکہ حق، دیانت، ہمدردی، عاجزی، خاندانی رشتوں، غریبوں کی دیکھ بھال اور خوفِ خدا سے اس کی قدر و قیمت کا اندازہ ہوتا ہے۔

میرواعظ نے عوام، خصوصاً نوجوان نسل، پر زور دیا کہ وہ ایمان، کردار، خدمت، سادگی اور ذمہ داری کی اقدار سے دوبارہ وابستہ ہوں، کیونکہ یہی اقدار ایک انسانی، بااصول اور باوقار معاشرہ تعمیر کر سکتی ہیں۔

اجتماع کا اختتام امن، اتحاد، مغفرت، امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود، اور مصائب و مشکلات کا سامنا کرنے والے تمام لوگوں کے لیے راحت و آسانی کی رقت آمیز اجتماعی دعاو ¿ں پر ہوا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img