بدھ کی شام وینزویلا میں ایک منٹ سے بھی کم وقفے میں آنے والے 7.2 اور 7٫5 شدت کے زلزوں کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد کی ہلاکت اور 700 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 44 فیصد امکان ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10,000 سے تجاوز کر سکتی ہے۔
وینزویلا میں زلزلے سے کم از کم 32 افراد کے ہلاک اور 700 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق

،تصویر کا ذریعہReuters
وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 700 زخمی ہوئے ہیں۔ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے یہ پہلا سرکاری اعداد و شمار ہے جو انھوں نے جاری کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور وسیع تباہی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ یو ایس جی ایس کے اندازے کے مطابق دوسرے زلزلے کے بعد 44 فیصد امکان ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10,000 سے زائد ہو سکتی ہے جبکہ ہلاکتیں ایک لاکھ سے تجاوز کرنے کا 30 فیصد امکان ہے۔
امریکہ فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں وینزویلا بھجوا رہا ہے، مارکو روبیو

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ امریکہ فوری طور پر تلاش و بچاؤ کے کاموں میں حصہ لینے کے لیے ٹیمیں، طبی اور انسانی بنیادوں پر امداد بھجوا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں روبیو کا کہنا تھا کہ ’ہماری ہمدردیاں اُن تمام افراد کے ساتھ ہیں جنھوں نے (اس حادثے میں) اپنے پیارے کھوئے، جو زخمی ہوئے، اور وہ بہادر امدادی کارکن جو اس کے بعد سے مسلسل کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔‘
اس سے قبل اُن کے نائب کرسٹوفر لینڈاو نے کہا تھا کہ امریکہ وینزویلا کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور ’امداد کو متحرک کیا جا رہا ہے۔‘
وینزویلا میں زلزلے کے بعد تباہی کے مناظر

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
،تصویر کا کیپشنزلزلے کے ننتیجے میں منہدم ہونے والی ایک عمارت سے خاتون کو نکالا جا رہا ہے۔ بدھ کے روز وینزویلا میں آنے والے دو بڑے زلزلوں کے بعد ملک سے مزید تصاویر سامنے آ رہی ہیں جن میں زلزلوں سے ہونے والی تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
وینزویلا کی حکومت نے اب تک 32 افراد کی ہلاکت اور 700 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا ذریعہGetty Images












