سرینگر،: اکنامک آفینسز وِنگ (EOW) کشمیر نے جمعرات کو کہا کہ اس نے کشمیر میں جعلی "گلو پوٹاش” زرعی مصنوعات کی فروخت اور تقسیم کے ذریعے باغبانوں اور زرعی شعبے سے وابستہ افراد کو دھوکہ دینے کے الزام میں دو افراد کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔
جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر کرائم برانچ کے تحت کام کرنے والی اکنامک آفینسز وِنگ (EOW) کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 33/2018 کے تحت دفعہ 420 اور 120-بی آر پی سی اور ضروری اشیاء ایکٹ کی دفعہ 3/7 کے تحت چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سوپور کی عدالت میں دو ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کی ہے۔
ملزمان میں شاہباز احمد بٹ ولد محمد سلطان بٹ ساکن گوری پورہ، بومئی، سوپور اور خورشید احمد میر ولد عبد الخالق میر ساکن شادیمرگ، کلام پورہ، راجپورہ، پلوامہ شامل ہیں۔ ان پر دھوکہ دہی، مجرمانہ سازش اور جعلی زرعی مصنوعات کی تقسیم جیسے جرائم کا الزام ہے۔
بیان کے مطابق یہ چارج شیٹ وادی میں جعلی "گلو پوٹاش” زرعی مصنوعات کی مبینہ گردش سے متعلق موصول ہونے والی شکایت پر شروع کی گئی تحقیقات کے بعد دائر کی گئی ہے۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے باغبانوں، زرعی ماہرین اور متعلقہ کمپنی کے نقصان پر ناجائز مالی فائدہ حاصل کرنے کے لیے یہ سرگرمیاں انجام دیں۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معاشی جرائم میں ملوث دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں اور ایسے کسی بھی واقعے کی اطلاع ایس ایس پی، ای او ڈبلیو کشمیر، کرائم برانچ جموں و کشمیر کو دیں۔ معاشی فراڈ کا شکار افراد اپنی شکایات ای میل کے ذریعے [email protected] پر بھی ارسال کر سکتے ہیں۔





