وادی میں مزید 200 آئوٹ لیٹس قائم کرنے کا اعلان
ایشین میل نیوزڈیسک
سرینگر: نیشنل ایگریکلچرل کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا لمیٹڈ (NAFED) کے زیر اہتمام راجباغ سرینگر میں ( NAFED بازار) کا باقاعدہ افتتاح جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف محمد بخاری نے کیا۔افتتاحی تقریب میں اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، پارٹی ترجمان یاور میر، نوجوان کاروباری افراد (انٹرپرینیورز)، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ( NAFED بازار) کے منتظمین اور مالکان نے اعلان کیا کہ وادی کشمیر میں مرحلہ وار مزید200 ( NAFED بازار) آئوٹ لیٹس قائم کیے جائیں گے، جن کا مقصد معیاری آرگینک اور زرعی مصنوعات عوام تک مناسب قیمتوں پر پہنچانا اور مقامی کسانوں کو اپنی پیداوار کے لیے بہتر مارکیٹ فراہم کرنا ہے۔

افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے سید الطاف محمد بخاری نے آرگینک مصنوعات کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے قدرتی اور کیمیکل سے پاک غذائی اشیاءکا استعمال وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرگینک فارمنگ نہ صرف انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ ماحولیات کے تحفظ اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے میں اس نوعیت کے اقدامات تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور خود روزگاری کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ اگر نوجوانوں کو مناسب پلیٹ فارم اور کاروباری سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ نہ صرف اپنی معاشی حالت مستحکم بنا سکتے ہیں بلکہ خطے کی اقتصادی ترقی میں بھی مو¿ثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

بعد ازاں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں ( NAFED بازار) کے اغراض و مقاصد، آرگینک مصنوعات کے فروغ، مقامی کسانوں کی حوصلہ افزائی اور صارفین کو معیاری زرعی مصنوعات کی فراہمی سے متعلق مختلف پہلوئوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ ( NAFED بازار) کا یہ اقدام کشمیر میں آرگینک زراعت، مقامی کاروبار اور نوجوانوں میں کاروباری رجحان کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔




