مقررین نے اعجاز احمد خان کی دیانت داری، ملازم دوست جدوجہد اور حق گوئی کو ناقابل فراموش قرار دیا
ذوالفقار حسین
سرینگر:؍ فوڈ اینڈ سپلائیز ایمپلائز ایسوسی ایشن کشمیر کے زیر اہتمام محکمہ فوڈ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیٔرز کے شہید گنج ہیڈ آفس سرینگر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایسوسی ایشن کے سبکدوش ہونے والے صدر اعجاز احمد خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب جبکہ نو منتخب صدر حاجی عبدالقیوم بیگ کے استقبال کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں محکمہ کے افسران، ملازمین، ٹریڈ یونین نمائندوں اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اعجاز احمد خان کی طویل، مخلصانہ اور بے لوث خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی قیادت کے دوران ملازمین کے حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کے حل اور محکمہ کے اندر خوشگوار اور باوقار ماحول کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر فیاض اندرابی، فاروق ترالی، عبدالقیوم وانی، خان مشتاق، ریاض صوفی، فاروق وچی، شارق مقبول، مدیر اعلیٰ رشید راہل اور شاہد رشید نے خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمد خان کی خدمات کا تفصیلی ذکر کیا اور کہا کہ ان کی قیادت، دیانت داری اور کارکن دوست رویہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مقررین نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ نو منتخب صدر حاجی عبدالقیوم بیگ اپنے پیش رو کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایسوسی ایشن کو مزید مضبوط بنائیں گے اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے۔

سینئر صحافی رشید راہل نے اپنے خطاب میں کہا کہ اعجاز احمد خان نے اپنی پوری ملازمت کے دوران دیانت داری، خلوص اور عوامی خدمت کی بہترین مثال قائم کی۔ انہوں نے ملازمین کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا۔رشید راہل نے کہا کہ ان کی خدمات محکمہ اور ملازمین کے حلقوں میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔تقریب کی نظامت کے فرائض منظور اشبری نے انجام دیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اعجاز احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے ایسوسی ایشن کو ایک مضبوط اور فعال پلیٹ فارم کی حیثیت حاصل ہوئی۔سبکدوش ہونے والے صدر اعجاز احمد خان نے اپنے خطاب میں تمام ساتھیوں، ملازمین، ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور محکمہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے اعتماد اور تعاون کے بغیر ان کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی ممکن نہ تھی۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نئی قیادت ایسوسی ایشن کے وقار اور ملازمین کے مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔نو منتخب صدر حاجی عبدالقیوم بیگ نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملازمین کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور ایسوسی ایشن کو مزید فعال، مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے تمام ساتھیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اعجاز احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ان کی صحت، خوشحالی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ نو منتخب صدر حاجی عبدالقیوم بیگ کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔






