ہفتہ, جولائی 18, 2026
23.8 C
Srinagar

جموں و کشمیر پی ایچ ای کنٹریکٹرز نے جے جے ایم کی زیر التوا ادائیگیوں سے متعلق حکومتی یقین دہانیوں کے بعد احتجاج مؤخر کر دیا

سری نگر،: جموں و کشمیر پی ایچ ای کنٹریکٹرز کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے جے جے ایم کی زیر التوا ادائیگیوں کے خلاف جاری احتجاج کو حکومتی یقین دہانیوں کے بعد مؤخر کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی قائدین نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔ کمیٹی کے مطابق یہ فیصلہ اُس وقت لیا گیا جب ایم ایل اے حضرت بل سلمان ساگر کی قیادت میں ایک وفد نے چیف آفس راجباغ سری نگر میں احتجاجی مقام کا دورہ کیا اور احتجاجی کنٹریکٹروں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ وفد کو جل جیون مشن (جے جے ایم) کے کنٹریکٹروں کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ چیف کوآرڈینیٹر نزیر میر کی سربراہی میں ایگزیکٹو باڈی نے طویل عرصے سے زیر التوا ادائیگیوں اور کنٹریکٹروں کو درپیش مالی مشکلات کو تفصیل سے اُجاگر کیا۔کمیٹی نے بتایا کہ ملاقات کے دوران سلمان ساگر نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ ذاتی طور پر اس معاملے میں دلچسپی لے رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ جے جے ایم ادائیگیوں سے متعلق مسائل جلد از جلد حل کر لیے جائیں گے۔
ایم ایل اے نے احتجاجی کنٹریکٹروں کو یہ بھی بتایا کہ حکومت نے متعلقہ ہاؤس کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے پر ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔کمیٹی نے کہا،حکومت اور سینئر سیاسی قیادت کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں کے پیش نظر ایگزیکٹو باڈی نے آئندہ اعلان تک جاری احتجاجی پروگرام کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی نے مزید کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل حکومت کے ردعمل اور زیر التوا ادائیگیوں کی اجرائی سے متعلق پالیسی پر منحصر ہوگا۔
کنٹریکٹروں کی تنظیم نے امید ظاہر کی کہ حکومت جلد ہی کنٹریکٹروں کے حق میں مثبت فیصلہ لے گی۔ کمیٹی نے مسئلے کے حل میں دلچسپی لینے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔دریں اثنا، کنٹریکٹروں کی تنظیم نے سیاسی رہنماؤں، ٹریڈ یونین نمائندوں، سماجی کارکنان اور میڈیا برادری کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشکل
مرحلے میں کنٹریکٹروں کی حمایت کی۔

سی این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img